مسلم لیگ (ن) کا منشور ملکی ترقی اور عوام کی خوشحالی ہے، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی

 
0
848

 

 

ایبٹ آباد،نو مبر 27(ٹی این ایس): ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کا منشور ملکی ترقی اور عوام کی خوشحالی ہے، سازشیں کرنے والوں کو ہر سطح پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا، تمام سازشوں کے باوجود مسلم لیگ (ن) کی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، اپنے حلقہ کی عوام کو تعلیم، صحت، سوئی گیس سمیت تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہوں، جو وعدے کئے تھے وہ پورے کر دکھائے ہیں، آئندہ الیکشن اپنی کارکردگی کی بنیاد پر جیتیں گے۔

وہ گذشتہ روز ایک کروڑ 20 لاکھ روپے کی لاگت کی سے تعمیر ہونے والے گورنمنٹ پرائمری سکول کوہالیاں کی بلڈنگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ سکول کی افتتاحی تقریب پی کی48 کے گائوں کوہالیاں میں منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی، حاجی فرید خان، عبدالقیوم خان کوہالیاں، ملک عبدالقیوم ڈھیری کیہال سمیت علاقہ کے عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

سکول کیلئے فنڈ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے فراہم کیا۔ سکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ پرائمری سکول کوہالیاں کی بلڈنگ مکمل ہو گئی ہے جس میں جلد سٹاف تعینات کر کے سکول کو چالو کیا جائے گا اور جو بجلی کا کام رہ گیا ہے اس کیلئے بھی فوری طور پر 60 لاکھ روپے کی فراہمی کا اعلان کرتے ہیں۔ مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت تمام سازشوں کو ناکام بناتے ہوئے پانچ سالہ مدت پوری کرے گی، موجودہ دور میں ملک نے جتنی ترقی کی اس کا مثال ملنا مشکل ہے، حکومت کی راہ میں روڑے نہ اٹکائے جاتے تو محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک ایشین ٹائیگر بن چکا ہوتا، تمام سازشوں کے باوجود مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی کو ترقی اور خوشحالی کی طرف گامزن کر دیا گیا ہے۔