نئے وزیر قانون کی تعیناتی کا معاملہ، سابق وزیراعظم نواز شریف نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو نیا وزیر قانون لگانے سے روک دیا

 
0
364

اسلام آباد نومبر 29(ٹی این ایس): سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو نیا وزیر قانون لگانے سے روک دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اہم قانون سازی کے لیے معاون خصوصی بیرسٹر ظفر اللہ کو ذمہ داری سونپ دی گئی ہے جبکہ وزارت قانون کے اہم امور وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی خود دیکھا کریں گے۔ قومی اسمبلی اور پارلیمنٹ میں وزارت قانون سے متعلق سوالوں کے جواب وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب دیں گے۔
راجہ ظفر الحق نے بھی نواز شریف سے ملاقات میں نئے وزیر قانون کی تعیناتی کی مخالفت کی تھی۔ نواز شریف کا کہنا ہے کہ حلف نامے کے نام پر پارٹی کو بہت نقصان پہنچا ہے۔ یاد رہے کہ حلف نامے میں تبدیلی پر احتجاج کرتے ہوئے مذہبی جماعتوں نے دھرنا دیا۔ 22 روز دھرنا جاری رہنے کے بعد وزیر قانون زاہد حامد مستعفی ہو گئے تھے۔ جس کے بعد نواز شریف نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو نئے وزیر قانون کی تعیناتی سے روکا اور اب حکومت نے ان کی جگہ نئے وزیر قانون کی تعیناتی کی بجائے ذمہ داریاں بانٹنے کا فیصلہ کیا ہے۔