احتساب عدالت، وزیر خزانہ اسحاق ڈار‘4دسمبر تک پیش نہ ہوئے تو اشتہاری قراردیدیا جائے گا

 
0
410

اسلام آباد نومبر 29(ٹی این ایس)احتساب عدالت نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کواشتہاری قرار دینے کے لیے کارروائی شروع کردی ہے عدالت کی جانب سے انہیں 10دن کے اندر عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے اور4دسمبر تک عدالت میں پیش نہ ہونے کی صورت میں انہیں اشتہاری قراردینے کی کاروائی شروع کردی جائے گی۔ اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس کی آئندہ سماعت 4 دسمبر کو ہوگی۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی بذریعہ اشتہار طلبی کا نوٹس احتساب عدالت کے نوٹس بورڈ پر بھی آویزاں کردیا گیا۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے قومی احتساب بیورو کی جانب سے اسحاق ڈار کے خلاف دائر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ریفرنس کی سماعت ہوئی جس میں سابق وزیر خزانہ پیش نہیں ہوئے۔ اسحاق ڈار 4 دسمبر تک احتساب عدالت میں پیش نہ ہوئے تو مذکورہ نوٹس کے حوالے سے نیب عدالت کو آگاہ کردے گی جس کے بعد سابق وزیر خزانہ کو اشتہاری قرار دیا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب اسحاق ڈار کے ضامن اور وکیل بھی احتساب عدالت میں پیش نہیں ہوئے تاہم ان کے ضامن اور وکیل کے عدالت پہنچنے تک عدالتی کارروائی میں وقفہ دے دیا گیا۔ آج کی کارروائی میں اسحاق ڈار کے ضامن احمد علی قدوسی کے ضمانتی مچلکوں کی ضبطگی کے حوالے سے فیصلہ کیا جانا ہے۔21 نومبر 2017 کو مذکورہ کیس کی سماعت کے دوران احتساب عدالت نے نیب کی جانب سے دائر ریفرنس کے سلسلے میں عدالت میں پیشی کے لیے اسحاق ڈار کی اٹارنی اور نمائندہ مقرر کرنے کی درخواست مسترد کردی تھی اور انہیں مفرور قرار دے دیا تھا۔
اسحاق ڈار کے وکیل نے اپنے موکل کی 16 نومبر کی میڈیکل رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی تھی جس پر وکیلِ استغاثہ نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ ان کی گزشتہ رپورٹ اور موجودہ رپورٹ میں تضاد موجود ہے۔