دسمبر 3 معذور افراد کا عالمی دن،تحال معذور افراد بنیادی حقوق سے محروم

 
0
1574

اسلام آباد دسمبر 2(ٹی این ایس) پاکستان سمیت دنیا بھر میں معذوروں کا عالمی دن تین دسمبر کو منایا جاتا ہے۔یہ دن منانے کا مقصد دنیا بھر میں معذوروں کو درپیش مسائل اجاگر کرنا اور معاشرے میں ان افراد کی افادیت پر زور ڈالنا ہے۔

اس دن کی مناسبت سے نجی فلاحی تنظیم کے زیراہتمام بروز ہفتہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں معذور افراد کے حقوق کی آگاہی کی مناسبت سے پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔اس پروگرام کا مقصد لوگوں کو اس بات پر قائل کرنا تھا کہ وہ معذور افراد کی ضروریات پوری کرنے کے لئے مثبت کوششیں بروئے کار لائیں۔

 شرکاء کا کہنا تھا کہ مردم شماری 2017 میں معذور افراد کو شمار ہی نہیں کیا گیا۔پروگرام میں موجود شرکاء نے کہا کہ معذور افراد کیلئے علیحدہ تعلیمی ادارے نہ ہونے سے یہ افراد عموما تعلیم سے محروم رہ جاتے ہیں سرکاری سطح پر معذور افراد کیلئے نوکریوں میں کوٹہ تو مختص ہے لیکن اسکے باوجود اکثر معذور افراد بے روزگار ہی رہتے ہیں۔

 واضح رہے کہ معذوروں کا عالمی دن اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں 14 اکتوبر 1992 کو منظور ہونے والی قرار داد نمبر47/3 کے تحت ہر سال تین دسمبر کو منایا جاتا ہے۔