گورنرہاؤس پشاور ، امن وامان کے حوالے سے ایک اعلی سطحی اجلاس

 
0
939

پشاور دسمبر 2(ٹی این ایس): گورنرہاؤس پشاور میں گذشتہ روزصوبے میں امن وامان کے حوالے سے ایک اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیرداخلہ احسن اقبال، گورنر خیبر پختونخوا انجینئر اقبال ظفر جھگڑا،وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیرمقام اور سیکورٹی اداروں کے اعلی حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں صوبے میں امن وامان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیاگیا اور ایگلریکلچر ڈائریکٹوریٹ پشاورپردہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی گئی۔

اجلاس میں واقعے میں شہید ہونیوالوں کی درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی ۔ وزیر داخلہ احسن اقبال اور گورنرانجینئراقبال ظفرجھگڑا نے سیکورٹی فورسز کی جانب سے بروقت کارروائی کرنے پر فورسز کے اقدامات کو سراہا اورکہاکہ فورسز کی بروقت کارروائی سے قوم کو بڑے سانحہ سے بچایاگیا۔ اجلاس میں واقعے میں زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیاگیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے اورملک کو دہشت گردوں سے پاک کرکے ہی دم لیں گے۔بعد ازاں گورنر انجینئراقبال ظفر جھگڑا ، وزیرداخلہ احسن اقبال اور انجینئر امیر مقام نے حیات اباد میڈیکل کمپلیکس کادورہ کیا اورواقعے میںزخمی ہونیوالے افراد کی عیادت بھی کی۔ اس موقع پر وفاقی حکومت کی جانب سے شہداء کے ورثاء کیلئے 10 ،10 لاکھ روپے اورزخمیوں کیلئے 2 لاکھ روپے دینے کااعلان بھی کیاگیا۔