وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی کرغزستان کے وزیراعظم سفرایزاکوف سے دو طرفہ ملاقات

 
0
366

سوچی دسمبر 2(ٹی این ایس): وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وسط ایشیائی ریاست کرغزستان کے وزیراعظم سفرایزاکوف سے دو طرفہ ملاقات کی ۔گزشتہ روزوزیراعظم نے کرغزستان کے اپنے ہم منصب کووزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اورشنگھائی تعاون تنظیم کی رکنیت میں پاکستان کے ساتھ تعاون کرنے پر کرغزستان کا شکریہ ادا کیا۔ کرغزستان کے وزیراعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان کی شمولیت کا خیرمقدم کیا اور اسے تنظیم کا ایک قابل قدراثاثہ قراردیا

دونوں وزراء اعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم کے فریم ورک اور دو طرفہ بنیادوں پرتعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر گفت وشنید کی ۔ دونوں رہنمائوں نے کاسا1000 پراجیکٹ کے سلسلے میں تمام معاہدوں پردستخطوں پراطمینان کا اظہارکیا جس کے بعد اب یہ منصوبہ عملدرآمد کے مرحلے میں ہے۔ فریقین نے تجارت اوردفاع سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے سے اتفاق ظاہرکیا۔

انہوں نے دونوںممالک کے ایوان ہائے صنعت وتجارت کے درمیان زیادہ سے زیادہ تعاون سے بھی اتفاق ظاہرکیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں ہائی ویز اور موٹرویزکی ترقی سے کرغزستان اورخطے کے دیگرممالک کو بھی فائدہ پہنچے گا جس کے نتیجہ میں گوادر اور پاکستان کی دیگربندرگاہوں سے رابطے استوار ہونگے۔ اس سلسلے میں انہوں نے پاکستان ، چین ، کرغزستان اور قزاخستان کے درمیان ٹرانزٹ معاہدے میں4فریقی ٹریفک کی اہمیت پرروشنی ڈالی۔

وزیراعظم نے اقتصادی تعاون تنظیم کے خطے میں رابطوں کو فروغ دینے پربھی زور دیا جس کے دونوں ممالک رکن ہیں، پاکستان اس وقت اس تنظیم کی قیادت کررہا ہے ، فریقین نے پاکستان اورکرغزستان کے درمیان مضبوط شراکت داری کے قیام سے اتفاق کیا۔ انہوں نے کرغزستان کے وزیراعظم کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔