اعلیٰ تعلیم کے فروغ سے قوموں کی تقدیر بدل سکتی ہے،گورنر سندھ

 
0
580

کراچی  دسمبر 3(ٹی این ایس)گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیم کے فروغ سے قوموں کی تقدیر بدل سکتی ہے ، معیار تعلیم ، علمی ضروریات ، قومی تقاضوں اور دو حاضر کے مطابق نصاب کی تبدیلی سے تیز ترین ترقی کی دوڑ میں شامل ہو سکتے ہیں ،صوبہ میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں نجی ادارے اہم کردار ادا کررہے ہیں اس ضمن میں آغا خان یونیورسٹی اپنے معیار تعلیم میں سرفہرست ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آغا خان یونیورسٹی کے کا نووکیشن 2017 ء کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا ۔ تقریب میں ماسٹر آف سائنس نرسنگ ، بیچلر آف سائنس نرسنگ ،ماسٹر آف سائنسز ، ماسٹر آف سائنس ،ماسٹر آف ہیلتھ پروفیشنل ایجوکیشن ، ایڈوانس ڈپلومہ ہیلتھ پروفیشنل ایجوکیشن ،بیچلر آف میڈیسن ، بیچلر آف سرجری ،ڈپلومہ ڈینٹل Hygiene ، ماسٹر آف فلاسفی ، ماسٹر آف ایجوکیشن اور ماسٹر آف مسلم کلچر سمیت دیگر شعبہ جات میں 360 طلبہ و طالبات کو ڈگریاں دی گئیں ۔ اس موقع پروزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ، آغا خان یونیورسٹی کے صدر فیروز رسول ،Provost Dr Carl Amrhein، پروفیسرز ، لیکچراز سمیت طلبہ و طالبات کی بڑی تعدادموجود تھی ۔ مہمان خصوصی گورنر محمد زبیر نے کہا کہ شعبہ طب میں آغا خان یونیورسٹی کلیدی کردار ادا کررہی ہے با الخصوص پولیو اور تحقیق کے شعبہ میں یونیورسٹی کی خدمات کو حکومت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ، تعلیم اور تربیت کی فراہمی کے لحاظ سے آغا خان یونیورسٹی کا کردار قابل تحسین ہے، یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طالب علم ہر شعبہ زندگی میں ملکی و بین الاقوامی سطح پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم ہمارے تمام مسائل کا حل ہے کیونکہ اعلی تعلیم کے بغیر کو ئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا اسی لئے اعلی تعلیم کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے اس ضمن میں جامعات میں تحقیق کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں ڈاکٹرز کی کمی کے باعث موذی امراض کی بروقت تشخیص نہ ہونے سے اموات میں اضافہ ہو ا ،با الخصوص دور دراز علاقوں میں یہ شرح زیادہ ہے جس کے تدارک کے لئے حکومت طب کے شعبہ کو فوقیت دے رہی ہے اس ضمن میں نجی تعلیمی ادارے بھرپور معاونت فراہم کررہے ہیں جو کہ خوش آئند ہے ۔ انہوں نے ڈگری حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات سے کہا کہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد اب آپ کی عملی زندگی کا آغاز ہو گیا ہے ، ایک مسیحا کے طور پر لوگوں کا علاج کرنے سے آپ میں خدمت کا جذبہ پیدا ہوگا اور آپ کو اپنے شعبہ میں مہارت حاصل ہوگی ، ملک و قوم کی خدمت ہی ہمارا نصب العین ہو نا چاہئے اسی میں ملک و قوم کی بھلائی مضمر ہے ۔ گورنر محمد زبیر نے کہا کہ آج کا کامیاب کا نووکیشن طلبہ و طالبات کی کامیابی کا واضح مظہر ہے ،ایک اہم سنگ میل عبور کرنے پر تمام کامیاب طلبہ و طالبات خراج تحسین کی مستحق ہیں ،کامیابی پر تمام طلبہ و طالبات کو مبارک باد پیش کرتاہوں ،مجھے یقین ہے کہ اعلیٰ معیار تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات اپنے حصول علم کے مطابق شعبہ طب میں بھی اسی محنت اور لگن سے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے ۔