مختلف شہروں میں ریلوے کی زمین کو تجاوزات سے واگزار کرایا جائے ٗقومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کی ہدایت

 
0
381

اسلام آباد دسمبر 4(ٹی این ایس)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ریلویز نے ریلوے حکام کو ہدایت کی ہے کہ مختلف شہروں میں ریلوے کی زمین کو تجاوزات سے واگزار کرایا جائے۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس پیر کو کمیٹی کے چیئرمین رکن قومی اسمبلی رمیش لال کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔ کمیٹی نے کہا کہ ریلوے حکام کے ملوث ہونے کے بغیر قبضہ مافیا ریلوے کی زمین پر قابض نہیں ہو سکتا۔ کمیٹی نے قبضہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ۔ سیکرٹری ریلوے نے کمیٹی کو یقین دلایا کہ محکمہ ریلوے کی اراضی پر گرین بیلٹ قائم کر رہے ہیں اور اس حوالہ سے مقامی انتظامیہ کے ساتھ بات چیت کا عمل جاری ہے۔ کمیٹی نے راولپنڈی ریلوے کی طرف سے ادارہ میں بہتری لانے کیلئے اقدامات اور کوششوں کو سراہا۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے کہا کہ کمیٹی کا آئندہ اجلاس کراچی میں منعقد کیا جائے تاکہ زیر التواء ایشوز کو حل کیا جا سکے۔ کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں سکھر، ملتان، پشاور کے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس کو بھی مدعو کرنے کی ہدایت دی ۔ اجلاس میں اراکین قومی اسمبلی سردار محمد عرفان ڈوگر، رانا زاہد حسین خان، رشید احمد خان، فلس عظیم، ڈاکٹر نثار احمد جٹ، امجد علی خان، شیخ رشید احمد، نسیمہ حفیظ اور پاکستان ریلویز کے حکام نے شرکت کی۔