وزیراعلیٰ پنجاب کی اسلام آباد میں چین کے سفارت خانے آمد، چینی سفیر یائو جنگ سے ملاقات

 
0
418
اسلام آباد دسمبر 4 (ٹی این ایس)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اسلام آباد میں چین کے سفارت خانے گئے اور چین کے سفیر یائو جنگ (Mr. Yao Jing) سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے چین کے سفیر کو گلدستہ پیش کیا اور پاکستان میںتعیناتی پر چین کے سفیر یائو جنگ کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ، سی پیک کے منصوبوں اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔چینی سفیریائو جنگ نے وزیراعلیٰ پنجاب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی اور دو طرفہ معاشی تعاون ہر گزرتے لمحے فروغ پا رہا ہے اورپاک چین دوستی کو فروغ دینے میں پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔چینی سفیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف ویژنری لیڈر ہیں اور-’’ پنجاب سپیڈ ‘‘کا اعزاز شہباز شریف کی انتھک محنت اور غیر معمولی کارکردگی کا نتیجہ ہے اور’’پنجاب سپیڈ‘‘ ایک حقیقت بن چکی ہے ۔

’’پنجاب سپیڈ‘‘ کے ذریعے بجلی کے منصوبوں کو مکمل کرکے توانائی بحران پر قابو پانے کا کریڈٹ ان کو جاتا ہے۔ چینی سفیر نے کہاکہ وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت کی کارکردگی عوامی امنگوں کے مطابق ہے اور پاک چین دوستی کے فروغ او رسی پیک کے منصوبوں پر عملدرآمد کے حوالے سے شہبازشریف نے انتھک محنت سے کام کیا ہے اوراس حوالے سے ان کا عزم او رخدمات نا قابل فراموش ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب میں سی پیک کے منصوبوں کو انتہائی تیز رفتاری سے مکمل کیا جا رہاہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان او رچین انتہائی با اعتماد دوست ہیں اور چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور دونوں ممالک کی قیادت کے ترقیاتی ویژن کا عکاس ہے اور سی پیک سے پاک چین تعلقات کو نئی جہت ملی ہے۔ چینی سفیر نے وزیر اعلی پنجاب کے عوامی خدمت کے جذبے کی تعریف کی اور کہاکہ حکومت جس انداز سے عوامی خدمت اور معاشی ترقی کے منصوبوں پر عمل پیرا ہے وہ قابل تحسین ہے اور دونوں ملک اسی جذبے کے ساتھ پیش رفت جاری رکھیں گے۔وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی دنیا میں امن ، محبت، تعاون اور والہانہ جذبوںکی روشن مثال ہے ۔سی پیک کے عظیم منصوبے نے معاشی و اقتصادی ترقی کی نئی تاریخ رقم کی ہے اورخطے کے دیگر ممالک بھی سی پیک سے مستفید ہو ں گے۔سی پیک سے پاکستان میں ترقی کی نئی راہیں کھلی ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان میں سی پیک کے تحت منصوبوں کی تیز رفتار اور شفاف تکمیل کی کوئی دوسری مثال موجود نہیں۔چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈورنے دونوں ملکوں کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے ۔سی پیک ایک عظیم الشان منصوبہ ہے جس کے ثمرات سامنے آنا شروع ہو چکے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ توانائی منصوبوں کی ریکارڈ مدت میں تکمیل سے پاکستان میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوا ہے۔1320میگا واٹ کا ساہیوال کول پاور پلانٹ مقررہ مدت سے 6ماہ قبل مکمل کیا گیاہے۔انہوں نے کہاکہ چین کے صدر شی جن پنگ نے بیلٹ اور روڈ کا شاندار ویژن دیاہے ۔ پاکستان اور چین کے مابین برادارنہ دوستی کا سفر چھ دہائیوں پر مشتمل ہے اور اب دونوں ملکوں کی دوستی کی مثال اپنی مثال آپ ہے۔ پاکستان اور چین کی دوستی نئی منزلوں کو چھو رہی ہے ۔انہوںنے کہا کہ سیاسی اور سفارتی سطح پر بھی چین پاکستان کیساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہاہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے دور میں پاکستان اور چین کیساتھ تعلقات مزید وسیع اور مضبوط ہوئے ہیں اور پاکستان اور چین باہمی احترام ، محبت اور پیار لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ چین نے مشکل حالات میں پاکستان کا ہاتھ تھام کر سچے دوست کا ثبوت دیاہے۔ پاکستانی قوم چین کا یہ عظیم احسان کبھی نہیں اتار سکتی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ چین کے بے پایا ں تعاون او رعظیم سرمایہ کاری پر پوری قوم چین کی قیادت او رعوام کی شکر گزار ہے۔پاکستانی عوام چین کے اس بے مثال تعاون کو ہمیشہ یاد رکھیں گے اورپاکستان او رچین کی دوستی تا قیامت قائم رہے گی۔پاکستان اور عوامی جمہوریہ چین کی لازوال دوستی دیر پاتعلقات کے نئے عہد میں داخل ہوچکی ہے اور پاکستان کے عوام کو چین کے بھرپور اعتماد اور معاشی تعاون پر فخر ہے۔ انہوں نے کہاکہ آپ کے پاکستان میںقیام کے دوران دونوں ملکوں کے دوستانہ تعلقا ت کو مزید فروغ حاصل ہو گا اورباہمی تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہاکہ پاکستان اور چین کے مابین اعلی سطح پر باہمی رابطوں ، خوشگوار تعلقات اورتجارتی تعاون سے مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر پیش رفت کامیابی سے جاری ہے اور دونوں ملکوں کے عوام کے لئے کاروبار و روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر عوامی جمہوریہ چین کی قیاد ت کے اعتماد اور کمپنیوں کے سربراہان کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔