اسلام آباد دسمبر 4 (ٹی این ایس)اسلا م آباد کی حتساب عدالت نے نیب ریفرنسز کی سماعت کے دوران سابق وزیراعظم نواز شریف کی ایک ہفتے کیلئے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور جبکہ مریم نواز کی درخواست مسترد کردی۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کے خلاف نیب کی جانب سے دائر تین ریفرنسز کی سماعت کی۔سماعت کے دوران عدالت نے نواز شریف کی ایک ہفتے کے لئے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی جس کا اطلاق (آج) منگل کو ہونے والی سماعت سے ہوگا۔
جبکہ جج محمد بشیر نے مریم نواز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست میں رد و بدل کی استدعا مسترد کردی اور ان کا استثنیٰ 15 دسمبر تک برقرار رکھا ہے۔نیب ریفرنسز کی سماعت کے دوران دو مرتبہ وقفہ کیا گیا اور سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کے ہمراہ 2 مرتبہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ پہلے وقفے کے بعد نواز شریف عدالت کے روبرو پیش نہ ہوئے تو عدالت نے وکیل کا موقف سننے کے بعد نجی بینک سے تعلق رکھنے والے استغاثہ کے گواہ ملک طیب احمد کا بیان ریکارڈ کرنے کا حکم دیا۔