بالی وڈ کے مشہور اداکار ششی کپور چل بسے

 
0
3969

اسلام آباد دسمبر 4(ٹی این ایس):بالی وڈ کے مشہور اداکار اور کپور خاندان کے چشم و چراغ ششی کپور دنیا میں نہیں رہے۔ ان کی عمر 79 برس تھی۔

ششی کپور مشہور اداکار اور ہدایت کار راج کپور کے چھوٹے بھائی اور فلم ‘مغلِ اعظم’ میں اکبر کا کردار ادا کرنے والے پرتھوی راج کے صاحبزادے تھے۔

انھوں نے دو سو سے زیادہ فلموں میں کام کیا جن میں ‘جب جب پھول کھلے،’ ‘وقت،’ ‘حسینہ مان جائے گی،’ ‘روٹی کپڑا اور مکان،’ ‘کبھی کبھی،’ ‘ستیم شیوم سندرم،’ ‘کرانتی،’ ‘نمک حلال،’ ‘ترشول،’ ‘دنیا میری جیب میں،’ وغیرہ شامل ہیں۔

‘میرے پاس ماں ہے’

ششی کپور 1938 میں پیدا ہوئے تھے۔ انھوں نے 1940 کی دہائی میں ہی بطور چائلڈ سٹار فلموں میں کام کرنا شروع کر دیا تھا۔ 1951 میں راج کپور کی شہرہ آفاق فلم ‘آوارہ’ میں انھی نے راج کپور کے بچپن کا کردار نبھایا تھا۔

 

بطور ہیرو ان کی پہلی فلم ‘دھرم پتر’ تھی، جو 1961 میں نمائش کے لیے پیش کی گئی۔ اس فلم میں ان پر فلمایا جانے والا نغمہ ‘بھول سکتا ہے بھلا کون تمھاری آنکھیں’ خاصا مشہور رہا۔

اس کے تین سال بعد ‘جب جب پھول کھلے’ پر انھیں بہترین اداکار کے اعزاز سے نوازا گیا۔ اس فلم میں ان پر فلمایا گیا نغمہ ‘پردیسیوں سے نہ اکھیاں ملانا’ آج بھی شوق سے سنا جاتا ہے۔

ششی کپور نے 1970 اور 80 کی دہائی میں امیتابھ بچن کے ساتھ متعدد فلموں میں کام کیا جن میں ‘کبھی کبھی’ اور ‘دیوار،’ شامل ہیں۔ فلم دیوار میں ان کا یہ مکالمہ لوگوں کو آج بھی یاد ہے: ’میرے پاس ماں ہے!’

اس کے علاوہ انھوں نے کئی انگریزی فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے جن میں اسماعیل مرچنٹ کی ‘شیکسپیئر والا’ اور ‘ہیٹ اینڈ ڈسٹ’ شامل ہیں۔

2015 میں انھیں پدم بھوشن ایوارڈ سے نوازا گیا۔ وہ یہ اعزاز پانے والے کپور خاندان کے تیسرے فرد تھے۔

ششی کپور نے کل ملا کر 116 فلموں میں اپنے فن کے جوہر دکھائے، جن پر انھیں متعدد اعزازات سے نوازا گیا۔

انھوں نے انگریز اداکارہ جینیفر کینڈل سے شادی کی تھی اور ان کے تین بچے ہیں۔