سی پیک منصوبہ پاکستان کوعلاقائی تجارتی مرکز میں بدل دے گا، سربراہ پاک بحریہ

 
0
514

کراچی دسمبر 5(ٹی این ایس) سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا ہے کہ پاک چین بحری تجارت میں آئندہ چند برسوں میں مزید اضافہ ہوگا جب کہ سی پیک منصوبہ پاکستان کوعلاقائی تجارتی مرکز میں بدل دے گا۔ بھارتی ماہی گیر ہماری سمندری حدود میں اربوں کا نقصان پہنچا رہے تھے، میری ٹائم سیکیورٹی نے سمندری حدود میں مچھلی کا غیر قانونی شکار روکا۔منگل کوکراچی میں پاکستان اور چین کے تعاون سے بننے والے بحری جہاز کی لاؤنچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہاکہ جہاز سازی کا منصوبہ پاک چین دوستی کی اعلی مثال ہے اور پاک چین بحری تجارت میں آئندہ چند برسوں میں مزید اضافہ ہوگا، پٹرولنگ جہاز سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے جب کہ جہاز کو آج مختلف ٹیسٹ کے لیے سمندر میں اتارا جارہا ہے، جہاز پاک میری ٹائم کے لیے چین کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔

سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں میری ٹائم نے بہت سی اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں تاہم جدید تقاضوں کے مطابق میری ٹائم کی استعداد بڑھانے کی ضرورت ہے جب کہ سی پیک منصوبہ پاکستان کوعلاقائی تجارتی مرکز میں بدل دے گا۔انہوں نے کہا کہ کراچی شپ یارڈ دفاعی پیداوار میں خود انحصاری کی تعبیر کر رہا ہے۔ جہاز سازی کی یہ منصوبہ بندی سدا قائم رہنے والی پاک چین دوستی کا مظہر ہے۔نیول چیف نے بتایا کہ بھارتی ماہی گیر ہماری سمندری حدود میں اربوں کا نقصان پہنچا رہے تھے، میری ٹائم سیکیورٹی نے سمندری حدود میں مچھلی کا غیر قانونی شکار روکا۔ آئندہ چند سالوں میں پاک چین بحری تجارت میں تیزی سے اضافہ ہوگا۔ نئے جہازوں کی شمولیت سے بحری تجارت میں نمایاں اضافہ ہوا۔نیول چیف نے مزید کہا کہ میری ٹائم سیکیورٹی کی صلاحیت میں اضافے کو چیلنج سمجھ کر قبول کیا۔ جدید تقاضوں کے مطابق میری ٹائم سیکیورٹی کی صلاحیت میں اضافہ ناگزیر ہے۔