تاجر برادری چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت کاروباری مواقع میں سرمایہ کاری کرے ٗاحسن اقبال

 
0
355

اسلام آباد دسمبر 5 (ٹی این ایس)وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات اور داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ تاجر برادری چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت کاروباری مواقع میں سرمایہ کاری کرے ٗ پاکستان معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے ٗ 2030ء تک 20 بڑی معیشتوں میں شامل ہو جائے گا ٗ 2018ء میں 2500 سے 3000 میگاواٹ مزید بجلی قومی گرڈ میں شامل کی جائے گی۔ منگل کویہاں ایس ڈی پی آئی کے زیر اہتمام پائیدار ترقی سے متعلق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تاجر برادری چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت کاروباری مواقع میں سرمایہ کاری کرے۔ صنعتوں کے بنیادی ڈھانچوں میں بہتری لائی جائے اور ویلیو ایڈڈ صنعت پر توجہ دی جائے جس سے عالمی معیشت میں مسابقتی تجارت کے لئے پلیٹ فارم میسر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج کا پاکستان 2013ء کے پاکستان سے بہتر ہے ٗجب معیشت زوال کا شکار تھی، مقامی صنعتیں تقریباً بند تھیں اور روزانہ 18سے 20گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک سے پاکستان توانائی کے جن کو بوتل میں بند کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے جبکہ ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر میں بہتری لائی گئی ہے۔ اب یہ مرحلہ پاکستان کے صنعتی تعاون میں شامل ہونے کا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور 2030ء تک یہ 20 بڑی معیشتوں میں شامل ہو جائے گا۔ شرح نمو گزشتہ 10 سال کی بلند ترین شرح 5.3 فیصد ہے، اگر ملک میں یہی صورتحال موجود رہی تو رواں مالی سال کے آخر تک شرح نمو 6 فیصد سے زائد تک پہنچ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈبلیو بی سی جیسے عالمی اداروں نے بھی اعتراف کیا ہے کہ اگر پاکستان کی معاشی ترقی کی یہی رفتار رہی تو پاکستان بڑی معیشتوں میں شامل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قومی گرڈ سسٹم میں 7 ہزار میگاواٹ بجلی شامل کی گئی ہے جبکہ 2018ء میں 2500 سے 3000 میگاواٹ مزید بجلی قومی گرڈ میں شامل کی جائے گی۔