دہشت گردی علاقائی ترقی میں حائل سب سے بڑی رکاوٹ ہے ٗخاتمے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضررورت ہے ٗ سردار ایاز صادق

 
0
383

اسلام آباد دسمبر 5(ٹی این ایس)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہاہے کہ دہشت گردی علاقائی ترقی میں حائل سب سے بڑی رکاوٹ ہے جس کے خاتمے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضررورت ہے۔وہ روسی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں ڈوما کے چیئر مین وولوڈین یاچ سلوف سے ماسکو میں ملاقات کے دوران بات چیت کررہے تھے۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ روس کے ساتھ اپنے باہمی روابط کو مزید فروغ دینے کی خواہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ روس کی منشیات کے خاتمے کے لیے کی جانے والی مشترکہ کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان کسی بھی ملک کے مستقبل کیلئے اہم اثاثہ ہیں، انہیں منشیات جیسی لعنت سے بچانے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ رواں ماہ پانچ ملکی سپیکرز کانفرنس منعقد کرنے جا رہی ہے جس میں علاقائی دہشت گردی، معاشی و اقتصادی ترقی سمیت دیگر تمام مسائل کو زیرغور لایا جائے گا۔

ڈوما کے چیئرمین نے کہا کہ روس پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم بنانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی وفود کے تبادلے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کی جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں، روس پاکستان میں علاقائی تعاون کے فروغ کے لیے منعقد ہونے والی سپیکرز کانفرنس میں شرکت کرے گا۔