پنجاب کے تمام پولیس ملازمین کی بلڈ سکریننگ مہم کا پہلا مرحلہ شروع

 
0
544

لاہور دسمبر 5(ٹی این ایس) پنجاب کے تمام پولیس ملازمین کی بلڈ سکریننگ کے پروگرام کا آغاز کردیا گیا ہے اور پہلے مرحلے میں تقریباً 70ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کی بلڈ سکریننگ کی جائے گی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ کنونشن کے تحت صوبے کے تمام اضلاع کی پولیس لائنزمیں بیک وقت 5دسمبر کو تین روزہ بلڈ کیمپس کا آغاز کردیا گیا جس کا افتتاح صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے منگل کے روز پولیس لائنز ہسپتال قلعہ گوجر سنگھ میں کیا۔ لارڈ مئیرر لاہور کرنل مبشر جاوید ،سی سی پی او محمدامین وینس، ڈی آئی جی آپریشن ڈاکٹر اشرف حیدر ، ایڈیشنل سکریٹری (ایڈمن)ہیلتھ ڈاکٹر فاروق منظور، ایڈیشنل سکریٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر عاصم الطاف، سی ای او لاہور ڈاکٹر یداللہ اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

وزیر صحت نے بلڈ سکریننگ کیمپ کا افتتاح کرنے کے بعد کیمپ میں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لینے کے لئے راؤنڈ کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر بیمایوں کے بارے میں شعور اجاگر کرنے اور احتیاطی تدابیر سے آگاہی کے لئے صوبے کے تمام اضلاع میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ کنونشنز کا انعقاد کیا جارہا ہے جو 11دسمبر تک جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ بیماریوں کی روک تھام حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لئے پولیس فورس کے تمام جوانوں کی بلڈ سکریننگ شروع کی گئی ہے اور تین مرحلوں میں 2لاکھ سے زائد اہلکاروں کی سکریننگ اور ویکسنیشن کی جائے گی تاکہ شہریوں کی جان و مال کی دن رات حفاظت پر معمور پولیس کے جوانوں کی صحت کو یقینی بنایا جاسکے اور انہیں علاج معالجہ کی بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ ہسپتال پولیس لائنز قلعہ گوجر سنگھ کو اپ گریڈ کیا جائے گا اور یہاں مذید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس موقع پر CCPOمحمد امین وینس نے بھی خطاب کیا اور بلڈ سکریننگ کیمپ کے انعقاد پر وزیر صحت خواجہ عمران نذیر اور محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کے افسران کا شکریہ ادا کیا۔