چوہدری برادران آمدن سے زائد اثاثوں کے سلسلہ میں آج نیب میں جواب جمع کرائیں گے

 
0
328

لاہور، دسمبر 15 (ٹی این ایس) : آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں چوہدری برادران نے قومی احتساب بیورو (نیب )کیلئے جواب تیارکرلیا ۔

اس حوالے سے مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ نیب نے پہلے 1985ء سے اب تک کی معلومات طلب کیں۔ ہم 1985ء سے ہر سال اپنی ریٹرن فائل کرتے آرہے ہیں۔ نیب نے پھر پوچھا کہ جب سے سیاست شروع کی تب سے معلومات دی جائیں،سیاست شروع کرنے سے سوالات پوچھے جائیں گے تو پھر ہم بھی سوال پوچھنے کا حق رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے خلاف کچھ ملے تو اسے سامنے لایا جائے،ادارے قائم رہنے چاہئیں، ادارے پوچھیں تو جواب دینا چاہیے۔چوہدری برادران آج ( جمعہ ) نیب کے سامنے پیش ہونگے ۔

واضح رہے کہ چوہدری شجاعت اور پرویز الٰہی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے مقدمات کھولے گئے ہیں۔ مشرف دور میں دونوں رہنمائوں کے اہم سیاسی عہدوں اور دبا ؤکے باعث مقدمات کو بند کر دیا گیا تھا تاہم ڈی جی نیب لاہور کی ہدایت پر ان مقدمات کو دوبارہ کھولا گیا۔ چوہدری برادران نے 6نومبر کو نیب کے روبرو پیش ہوکر ناجائز اثاثوں کے ریفرنس کا الزام مسترد کردیا تھا۔