آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ پارلیمنٹ ہاﺅس پہنچ گئے- سینٹ کی کمیٹی کو بندکمرے میں بریفنگ دیں گے

 
0
362

اسلام آباد دسمبر 19(ٹی این ایس)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ پارلیمنٹ ہاﺅس پہنچ گئے، وہ آج سینیٹ کے پورے ایوان پر مشتمل کمیٹی کو بریفنگ دیں گے۔آرمی چیف بذریعہ ہیلی کاپٹر پارلیمنٹ ہاﺅس پہنچے جہاں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبد الغفور حیدری نے ان کا استقبال کیا۔ڈی جی آئی ایس آئی اور ڈی جی آئی ایس پی آر بھی پارلیمنٹ ہاﺅس پہنچے۔آمد کے بعد آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ چیئرمین سینیٹ کے چیمبر میں چلے گئے۔جنرل قمر جاوید باجوہ آج سینیٹ کی پورے ایوان پر مشتمل کمیٹی کو قومی سلامتی کے امور اور اپنے بیرون ملک دوروں سے متعلق بریفنگ دیں گے۔

قبل ازیں چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے بتایا تھا کہ آرمی چیف کے ساتھ ڈی جی ایم او میجر جنرل ساحر شمشاد مرزا بھی ہوں گے، کمیٹی کا اجلاس بند کمرے میں ہوگا، جبکہ بریفنگ کے بعد سوال جواب کا سیشن بھی ہوگا۔سینیٹ سیکریٹریٹ سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، جنرل قمر جاوید باجوہ آج تمام ارکان پر مشتمل کمیٹی کو قومی سلامتی کی صورتحال کے بارے میں اعتماد میں لیں گے۔واضح رہے کہ ایوان کی کمیٹی کا بند کمرے میں ہونے والا اجلاس قائد ایوان راجہ ظفر الحق کی طرف سے پیش کی گئی ایک تحریک پر بلایا گیا ہے جس کا مقصد علاقے کی بدلتی صورتحال اور امریکی کردار کے تناظر میں پالیسی کے رہنما اصول مرتب کرنا ہے۔