جمہوریت کی گاڑی چلتی رہنی چاہیے، آرمی چیف کا اسمبلی میں آنا ایک اچھی اور مثبت روایت ہے، پاکستان کے خلاف امریکہ بھارت اور اسرائیل کے ٹرائیکا کی سازشوں کو متحد ہو کر ہی ناکام بنایا جاسکتاہے، امیر جماعت اسلامی پاکستان

 
0
355

اسلام آباد دسمبر 19(ٹی این ایس) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ جمہوریت کی گاڑی چلتی رہنی چاہیے، آرمی چیف کا اسمبلی میں آنا ایک اچھی اور مثبت روایت ہے، پاکستان کے خلاف امریکہ بھارت اور اسرائیل کے ٹرائیکا کی سازشوں کو متحد ہو کر ہی ناکام بنایا جاسکتاہے، عدالتوں سے لڑائی میں کسی کا فائدہ نہیں، اداروں کے ساتھ لڑنے سے مزید حادثات اور سانحات ہوسکتے ہیں، پاکستان کو
جن بیرونی اور اندرونی خطرات نے گھیر رکھاہے، ان سے بچنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ کرپٹ اور بد دیانت ٹولے سے نجات حاصل کی جائے اور دیانتدار اور مخلص قیادت کا انتخاب کیا جائے، دولت کے پجاری اور امریکہ کے حواری ملک کو موجودہ بحران سے نہیں نکال سکتے، ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی اور عدلیہ کی بالادستی قائم کیے بغیر حالات نہیں بدل سکتے لیکن سیاست اور جمہوریت کو اپنے گھر کی لونڈی سمجھنے والے سیاسی معاشی د ہشگرد آئین کی بالادستی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔بد دیانت سیاسی پنڈتوں اور اسٹیٹس کو کی غلام قوتوں سے آزادی حاصل کرنا ہوگی۔وہ منگل کو سینیٹ اجلاس کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ عدلیہ کی تضحیک اور توہین کرنے والے اپنے رویے پر نظر ثانی کرنے کو تیار نہیں جو لوگ عدل و انصاف کے اداروں کو اپنی خواہشات کی بھینٹ چڑھا ناچاہتے ہیں، ان سے کسی خیر کی کوئی توقع نہیں کی جاسکتی۔انہوں نے کہاکہ عدالت عظمیٰ کو کرپٹ اور بد دیانت ٹولے کے رویے سے بد دل ہونے کی بجائے احتساب کے عمل کو جاری رکھنا چاہیے، پوری قوم عدالت کی پشت پر کھڑی ہے۔ عدالت کسی دباؤ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والوں کا سخت ترین احتساب کرے۔

انہوں نے کہاکہ عدالت بیرونی بنکوں میں پڑی قومی دولت واپس لانے کے لیے مناسب اقدامات کرے تاکہ بیرونی قرضوں، غربت، مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی جیسے مسائل سے نکلا جاسکے۔انہوں نے کہاکہ بھارت سے دوستی اور امریکہ کی غلامی کا دم بھرنے والوں نے ملک و قوم کے مستقبل کو تاریکیوں کے حوالے کردیاہے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ قومی سلامتی اور ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے ضروری ہے کہ نظریہ پاکستان پر یقین رکھنے والی مخلص قیادت بر سر اقتدارآئے جو امریکہ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرسکے اور بھارت کو اسی کی زبان میں جواب دے سکے۔انہوں نے کہاکہ امریکی خوف سے تھر تھر کانپنے اور آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی ڈکٹیشن پر چلنے والے ہی قوم کے دکھوں اور پریشانیوں کے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تمام مسائل کا حل نفاذ شریعت میں ہے۔ نظام مصطفی ٰؐ کے نفاذ پر تمام دینی و سیاسی جماعتوں کو متحد ہو جاناچاہیے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ آئندہ انتخابات میں کلین اور صاف دامن لوگ ملک و قوم کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے میں ہمارا ساتھ دیں۔