ڈیرہ بگٹی میں تخریب کاروں نے 16انچ قطر کی گیس پائپ لائن کو دھماکے سے تباہ کردیا‘7افراد ہلاک‘2زخمی

 
0
309

ڈیرہ بگٹی دسمبر 21(ٹی این ایس): بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی میں تخریب کاروں نے 16انچ قطر کی گیس پائپ لائن کو دھماکے سے تباہ کردیا، ڈیرہ بگٹی میں نامعلوم افراد کی گھر پر فائرنگ اور بارودی سرنگ کے دھماکے سے7 افراد جاں بحق جب کہ 2 زخمی ہوگئے جس کے بعد متاثرہ لائن کی مرمت کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔لیویز ذرائع کے مطابق نامعلوم تخریب کاروں نے ڈیرہ بگٹی کے قریب پیرکوہ سے سوئی پلانٹ کو جانے والی 16انچ قطر گیس پائپ لائن کو دھماکہ خیز مواد سے تباہ کردیا۔

سوئی پلانٹ کو متاثرہ گیس لائن سے 8ملین مکعب فٹ گیس کی فراہمی معطل ہوگئی ہے تاہم دھماکے کے بعد سیکورٹی حکام اور دیگر متعلقہ حکام موقع پر پہنچ گئے۔حکام کے مطابق دھماکے میں 6 سے 7 کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا ، جس سے گیس پائپ لائن کے 6 فٹ کے قریب ٹکڑا متاثر ہوا ہے تاہم مرمتی کام کا آغاز کردیا گیا ہے جس سے 24گھنٹوں کے دوران مکمل کرلیاجائےگا۔

ڈیرہ بگٹی کے علاقے ٹوپہ نوکانی میں نامعلوم افراد نے گجر نامی شخص کے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں گجر کی 2 بیویاں اور 3 بچے موقع پر ہی جاں بحق جب کہ 2 افراد زخمی ہوگئے۔واقعے کے بعد زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس سے گاڑی مکمل طور پر تباہ جب کہ اس میں موجود ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔واقعے کے بعد علاقے میں لیویز کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے جب کہ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔