ابصارعالم کو ہٹانے کے فیصلے پرعمل درآمد روکنے حکومتی درخواست مسترد

 
0
310

لاہور دسمبر 21(ٹی این ایس): ہائی کورٹ نے ابصار عالم کو چیئرمین پیمرا کے عہدے سے ہٹانے کے فیصلے پر عمل درآمد روکنے کے لیے وفاقی حکومت کی درخواست مسترد کردی۔لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس شاہد کریم نے ابصار عالم کو چیئرمین پیمرا کے عہدے سے ہٹانے کے فیصلے پرعمل درآمد روکنے کے لیے وفاقی حکومت کی درخواست کی سماعت کی۔ وفاقی حکومت کی جانب سے استدعا کی گئی کہ فوری طور پر نیا چئیرمین پیمرا نہیں لگایا جاسکتا عدالت اپنے فیصلے پر عمل درآمد روک دے۔

جسٹس شاہد کریم نے چئیرمین پیمرا ابصارعالم کی تعیناتی کالعدم ہونے کے فیصلہ پرعمل درآمد رکوانے کے لیے وفاقی حکومت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے حکم دیا کہ عدالت ابصارعالم کی تعیناتی کالعدم قراردے چکی ہے نیا چیئرمین پیمرا لگایاجائے، اگر فیصلے پراعتراض ہے تواپیل دائر کی جائے۔واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے 2 روز قبل ابصارعالم کی بطور چیئرمین پیمرا تعیناتی کالعدم قرار دیتے ہوئے 30 روز میں قانون اور اہلیت کے مطابق تقرری کا حکم دیا تھا۔