دانیال عزیز نے چند دنوں کی وزارت کیلئے ضمیر گروی رکھا ہوا ہے‘خرم نواز گنڈاپور

 
0
330

لاہور ،دسمبر21(ٹی این ایس): عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ دانیال عزیز نے چند دنوں کی وزارت کیلئے ضمیر گروی رکھا ہواہے، دانیال عزیز کے لیڈر کو سپریم کورٹ نے بے ایمان اور جھوٹا قرار دیا وہ کس منہ سے انگلی دوسروں کی طرف کرتے ہیں ، سانحہ ماڈل ٹائون سیاسی نہیں انسانیت کے بہائے جانیوالے بے گناہ خون کا معاملہ ہے اور حصول انصاف کی جنگ اب منطقی انجام تک پہنچ کر رہے گی۔

دانیال عزیزکے بیان کے ردعمل میں خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ دانیال عزیز جیسے لوگ سیاسی جال کی گندی مچھلیاں ہیں۔ ایک کرپٹ خاندان کی ترجمانی کر کے دو ٹکے کی وزارت لینے والے جلد اپنے انجام کو پہنچنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دانیال عزیز جب جنرل مشرف کے ترجمان تھے تو اسی طرح خون پسینہ ایک کر کے ان کی ترجمانی کرتے تھے اور جیسے ہی وہ اقتدار سے ہٹے تو یہ شریفوں کے عزیز بن گئے۔

ایسے سیاسی مداریوں کا کوئی قبلہ نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث عناصر کا ساتھ دینے والوں نے دنیا داری کیلئے اپنی آخرت کو بھلا رکھا ہے،سانحہ ماڈل ٹائون کے قاتلوں کو پھانسیاں ملنے سے ریاست مضبوط ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے حوالے سے ایف آئی آر بدلنے کی ہرزہ سرائی کرنے والے اول نمبر کے جعلساز اور کاغذات میں ردوبدل کرنے کے ماسٹر ہیں ، انہوں نے سپریم کورٹ میں بھی ٹمپرڈ اور جعلی دستاویزات جمع کروائیں، معزز ججز چاہتے تو جلعسازوں کو موقع پر ہتھکڑیاں لگوا دیتے مگر انہیں ریلیف ملا۔

خرم نواز گنڈاپور نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق کی ہرزہ سرائی پر اپنے ردعمل میں کہا کہ سعد رفیق سربراہ عوامی تحریک کے بارے میں سوچ سمجھ کر بات کریں ۔ سعد رفیق اپنی جماعت کے اندر ایک ٹائوٹ کی شہرت رکھتے ہیں اور یہ وہی سعد رفیق ہیں کہ ایجنسیوں کی ٹائوٹی کرنے کے الزام پر لاہور پریس کلب کے باہر ان کی اپنی جماعت نے ان کے خلاف مظاہرہ کیا تھا اور ان کے لیڈر نواز شریف اور شہباز شریف نے انہیں پارٹی سے نکال دیا تھا ۔ یہ ہرزہ سرائی کر کے اپنے ماضی کے نہاں گوشے منظر عام پر لانے پرمجبور نہ کریں۔