یہ تاثرغلط ہے کہ سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے ،جنوبی اضلاع میں گیس کی پیداوارمیں کمی کے باعث شارٹ فال کا سامناہے،ایس این جی پی ایل کی وضاحت

 
0
307

پشاور، دسمبر 22(ٹی این ایس): سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمٹیڈحکام نے پشاورسمیت خیبرپختونخواکے مختلف علاقوں میں سوئی گیس کی کمی کی شکایات کے بارے میں وضاحت کرتے ہوئے بتایاہے کہ جنوبی اضلاع میں گیس کی پیداوارمیں150ایم ایم سی فٹ کمی کے باعث شارٹ فال کا سامناکرناپڑرہاہے۔ٹیکنیکی اورآپریشنل خرابی کی وجہ سے گیس کم فراہم کی جارہی ہے۔ یہ تاثرغلط ہے کہ سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے۔اس سلسلے میں ایس این جی پی ایل کے ترجمان کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے کہ صوبے کے جنوبی اضلاع کرک،کوہاٹ،لکی مروت میں گیس کے قدرتی ذخائر سے گیس کی کم پیداواراورکھپت زیادہ ہونے سے صارفین کو گیس کی کمی جیسی مشکلات سے دوچارہوناپڑرہاہے۔یہ بھی تاثرغلط اور بے بنیاد ہے کہ سی این جی سٹیشنزکوالگ لائن سے پوری گیس فراہم کی جارہی ہے حالانکہ سی این جی سٹیشنزکے لئے کوئی Dedicatedیعنی مخصوص لائن نہیں ہے اور سب صارفین کو Commonیعنی ایک ہی لائن سے گیس فراہم کی جارہی ہے۔

آئین کے آرٹیکل 158کے تحت کمپنی تما م شعبوں کوگیس فراہم کرنے کی پابندہیاوراگرسی این جی سٹیشنزکوگیس کی فراہمی بندکردی جائے تولاکھوں گاڑیاں رک جائیں گی اورپیڑولیم کی کھپت بھی بڑھنے کے ساتھ ساتھ لاکھوں لوگوں کا روزگاربھی متاثر ہوگا۔ مزید براں ایس این جی پی ایل صوبے میں گیس نظام کی بہتری کے لئے موجودہ جنرل منیجر پشاور و ریجن ثاقب ارباب کی سربراہی میں گزشتہ 4سال سے موثراقدامات اٹھارہی ہے۔

آئندہ سال جنوری کے آخر تک پشاورمیں 38کلومیٹرکی نئی ٹرانسمیشن لائن بچھادی جائے گی جبکہ شہر میں پرانی پائپ لائنوں کی اپ گریڈیشن کا سلسلہ بھی ریپڈبس ٹرانزٹ منصوبے کے ساتھ ساتھ شروع کیا گیا ہے جوتکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔2.2بلین روپے کی لاگت سے مردان سے سوات تک101کلو میٹر کی الگ ایک پائپ لائن بچھائی جارہی ہے یہ منصوبہ جون2018 تک مکمل ہو جائے گا۔گزشتہ4سالوں کے دوران گیس کے لاسسز میں7فیصد کمی ہوئی ہے اوراس مد میں سینکڑوں افرادکے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ بعض لوگ گھریلو کنکشن پر تندور بھی گرم کرتے ہیں اوراکثر گھروں میں گیس جرنیٹرز چل رہے ہیں جو گھریلو کنکشن کے پائپ اس کے لئے مناسب نہیں او ر اس سیبھی صارفین کو گیس کمی کاسامناکرناپڑرہاہے۔ایس این جی پی ایل صوبے میں گیس کی طلب اورکھپت کو سامنے رکھ کرگیس کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے اور اس وقت پنجاب سمیت ملک کے دیگر علاقوں سے گیس حاصل کرکے صارفین کو فراہم کی جارہی ہے۔