کسی پر حد سے زیادہ تنقید نہ کی جائے، کسی بھی وقت کسی سے ملنا پڑسکتا ہے،مریم نواز کبھی بھی پنجاب کی وزیر اعلی نہیں بن سکتیں، خورشیدشاہ

 
0
355

خیرپوردسمبر 24(ٹی این ایس)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشیداحمد شاہ نے کہا ہے کہ کسی پر حد سے زیادہ تنقید نہ کی جائے کسی بھی وقت کسی سے ملنا پڑسکتا ہے،مریم نواز کبھی بھی پنجاب کی وزیر اعلی نہیں بن سکتیں، نواز لیگ کے ارکان اسمبلی کے استعفوں سے کوئی فرق نہیں پڑے گا،عام انتخابات مقررہ وقت پر ہی ہوں گے ۔اتوارکوخیرپور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید خورشید شاہ نے کہا کہ سیاست بڑی ظالم چیز ہے، اس لئے کسی پر حد سے زیادہ تنقید نہ کی جائے، کسی بھی وقت کسی سے ملنا پڑ جاتا ہے، جب طاہر القادی ہمارے خلاف تھے تو نواز شریف ان کا ساتھ دے رہے تھے اور اب جب ہم آج ان کے ساتھ ہیں تو نواز شریف ان کی مخالفت کر رہے ہیں۔۔ نواز لیگ کے چند ایم این ایز اور ایم پی ایز کے استعفوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا البتہ اگر سارے ارکان استعفے دے دیں تو اسمبلیاں تحویل ہوں گی، چند استعفوں سے اسمبلیوں کو فرق نہیں پڑے گا، عام انتخابات کے وقت پر ہونے کا یقین ہے۔سید خورشید شاہ نے منفرد انداز میں کہاکہ مریم نواز کبھی بھی پنجاب کی وزیر اعلیٰ نہیں بن سکتی۔نیب سندھ کے ساتھ زیادتی کررہی ہے کاروائی چاروں صوبوں میں یکساں ہونی چاہئے۔انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو مستقبل کے وزیر اعظم ہوں گے جو ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں وہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید رانی بی بی بینظیر بھٹو کے مشن کو لے کر سیاست کررہے ہیں ملک کے عوام بلاول کی صورت میں اپنے شہید قائدین کو دیکھ رہے ہیں ۔آمرانہ سوچ رکھنے والوں کا شکست مقدر بن چکی ہے پیپلز پارٹی کی جڑیں عوام میں ہیں عوامی سمندر مخالفین کو ماضی کی طرح مستقبل میں بھی عام انتخابات کے وقت بہاکر لے جائے گا گرینڈ الائنس والے بھی انتخابات کے وقت پیپلز پارٹی کی چھتری تلے آجائیں گے۔انہوں نے اپنی ہی صوبائی حکومت کے اساتذہ پر تشدد کے معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ این ٹی ایس پاس اساتذہ پر تشدد کی مذمت کرتا ہوں، ان پر تشدد کرنے کی بجائے ان کو ریگولر کیا جائے۔