بیجنگ ،دسمبر26(ٹی این ایس):سہ فریقی وزرائے خارجہ اجلاس سے قبل وزیر خارجہ خواجہ آصف نے چینی ہم منصب وانگ ژی سے ملاقات کی اس موقع پر سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور ڈی جی چین ڈیسک عائشہ عباس بھی شریک تھیں۔پاکستانی اور چینی وفود کے درمیان ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں دونوں ممالک نے سی پیک منصوبے میں پیشرفت سے آگاہ کیا۔ملاقات کے بعد چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی مثالی ہے، دونوں ممالک اسٹریٹیجک پارٹنرز ہیں اور دوطرفہ مذاکرات کا مقصد سہ فریقی مذاکرات سے قبل ایک دوسرے کو اعتماد میں لینا تھا اور چاہیں گے کہ سہ فریقی مذاکرات کا اچھا نتیجہ نکلے۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کے مطابق سہ فریقی مذاکرات میں شرکت کی دعوت چینی وزیرخارجہ وانگ ا ی کی طرف سے دی گئی۔ترجمان کے مطابق سہ فریقی مذاکرات سے قبل پاک چین وزرائے خارجہ کی دوطرفہ ملاقات میں قومی اور بین الاقوامی ایشوز اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر بات چیت کی گئی۔