دنیا میں آگے بڑھنے ۔مسائل کے حل کیلئے دھرنوں پر نہیں سیاسی و معاشی استحکام پر’اے پی سی‘ کی ضرورت ہے، احسن اقبال

 
0
446

اسلام آباد دسمبر 26 (ٹی این ایس) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی واصلاحات احسن اقبال نے کہاہے کہ ہمیں دنیا میں آگے بڑھنے ،اپنے مسائل کے حل کیلئے دھرنوں پر نہیں سیاسی و معاشی استحکام پر کل جماعتی کانفرنس کرنے کی ضرورت ہے، آج کا دور معاشی نظریات اور معیشت میں شرح نمو میں مقابلے بازی کا ہے،دنیا میں ٹیکنالوجی کا موثر استعمال کرنیوالی قومیں ہی مقابلے کی دوڑ میں آگے بڑھ رہی ہیں،حکومت اپنے وعدوں ،منشور کی روشنی میں ڈیجیٹل پاکستان کیلئے مسلسل اقدامات کر رہی ہے، لیپ ٹاپ سکیم اور ڈیجیٹل پاکستان کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی بدولت پاکستان دنیا بھر میں انٹرنیٹ کے ذریعے فری لانسنگ خدمات مہیا کرنیوالا چوتھا بڑا ملک بن چکا ہے۔ وفاقی وزیر نے یہ بات منگل کو پلاننگ کمیشن میں پی سی ون آٹو میشن سسٹم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

احسن اقبال نے کہاکہ منصوبے کے تحت کسی بھی منصوبے کے پی سی ون کو آن لائن کیا جا رہا ہے ،آنیوالے وقتوں میں وزارت منصوبہ بندی کی کارکردگی اور استعداد کار بہتر ہو گی،ساڑھے چار سالوں میں ترقیاتی منصوبوں کے دوبارہ جائزہ اور موثر منصوبہ بندی سے قومی خزانے کے 660 ارب روپے بچائے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ علم پر مبنی معیشت کے لئے ٹیکنالوجی کا حصول اور فروغ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی سی ون کو خودکار بنانا ایک تاریخی سنگ میل ہے، پی سی ون کو خودکار بنانے سے وقت اور وسائل کی بچت اور منصوبوں کی نگرانی میں بہتری آئے گی۔

انہوں نے کہاکہ پی سی ون آٹومیشن حکومت کی جانب سے معیشت کو ڈیجیٹل بنانے کے عزم کا ثبوت ہے، حکومت اپنے وعدوں اور منشور کی روشنی میں ڈیجیٹل پاکستان کے لئے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں دنیا میں آگے بڑھنے اور اپنے مسائل کے حل کیلئے دھرنوں پر نہیں سیاسی ومعاشی استحکام پر اے پی سی بلانے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ آ ج کا دور معاشی نظریات اور معیشت میں شرح نمو میں مقابلے بازی کا ہے اور دنیا میں مقابلے میں ٹیکنالوجی کا موثر استعمال کرنیوالی قومیں ہی آگے بڑھ رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ چند سال قبل جب ڈیجیٹل پاکستان کے لئے لیپ ٹاپ اسکیم کا اجراء کیا گیا تو لوگوں نے طرح طرح کی باتیں کیں، آج لیپ ٹاپ اسکیم اور ڈیجیٹل پاکستان کے لئے کئے گئے اقدامات کی بدولت پاکستان دنیا بھر میں انٹرنیٹ کے ذریعے فری لانسنگ خدمات مہیا کرنے والا چوتھا بڑا ملک بن چکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے ای آر پی، کلاؤڈ ڈیٹا، بگ ڈیٹا اور ایک لاکھ نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تربیت دینے کے لئے ایک ارب روپے سے زائد کی رقم مختص کی ہے۔