پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں تیزی ،کے ایس ای 100انڈیکس کی 39500کی نفسیاتی حد بحال

 
0
688

کراچی دسمبر 26(ٹی این ایس) پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں منگل کو اتارچڑھاؤ کے بعد تیزی رہی اور کے ایس ای 100انڈیکس کی 39500کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی۔ سرمایہ کاری مالیت میں 6 ارب35 کروڑ روپے سے زائدکااضافہ ، کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت20.09 فیصد کم جبکہ54.06 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔فروخت کے دباؤ اورپرافٹ ٹیکنگ کے باعث کاروبار منفی زون میں ہواٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس39292پوائنٹس کی نچلی سطح پر ٹریڈہواتاہم بعدازاں حکومتی مالیاتی اداروں، مقامی بروکریج ہاؤسنز سمیت دیگر انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے کیمیکل ۔توانائی، سیمنٹ اور دیگر سیکٹر میں خریداری کے باعث مندی کے اثرات زائل ہوگئے ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس 39700کی نفسیاتی حد بھی عبور کرگیا۔

مقامی سرماروں کی جانب سے اپنے حصص فروخت کرنے کے سبب اتارچڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہامارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 54.86پوائنٹس اضافے سے 39525.75پوائنٹس پر بندہوا۔ مجموعی طور پر344 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے186 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ اضافہ،144 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ14 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔ سرمایہ کاری مالیت میں6 ارب35 کروڑ67 لاکھ 31 ہزار240 روپے کااضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر 83 کھرب 66 ارب16 کروڑ42 لاکھ 33 ہزار371 روپے ہوگئی۔

منگل کو مجموعی طور پر17کروڑ81 لاکھ 75ہزار 50 شیئرز کا کاروبار ہوا جو جمعہ کی نسبت 4کروڑ48 لاکھ16ہزار990 شیئرز زائد ہے۔ قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے حساب سے باٹاپاک کے حصص سرفہرست رہے جس کے حصص کی قیمت 95.00 روپے اضافے سے 2375.00، صنوفی ایونٹس کے حصص کی قیمت 55.31 روپے اضافے سے1161.53 روپے پر بند ہوئی۔ نمایاں کمی خیبرٹوبیکو کے حصص میں ریکارڈ کی گئی جس کے حصص کی قیمت 79.27 کمی سے 1506.32 روپے اور وائتھ پاک لمیٹڈکے حصص کی قیمت 50.16 روپے کمی سے 1189.80 روپے ہوگئی۔

منگل کو لوٹے کیمیکل کی سرگرمیاں 1 کروڑ74 لاکھ32 ہزار شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں، جس کے شیئرز کی قیمت52 پیسے اضافے سے7.37 روپے اورٹی آر جی پاک لمیٹڈ کی سرگرمیاں 1 کروڑ48 لاکھ 56 ہزار 500 شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں جس کے شیئرز کی قیمت52 پیسے اضافے سے 29.75 روپے پر بند ہوئی۔ منگل کو کے ایس ای 30 انڈیکس 25.76پوائنٹس کمی سے 19752.83پوائنٹس، کے ایم آئی 30 انڈیکس 80.41 پوائنٹس اضافے سے 66923.10 پوائنٹس اور کے ایس ایس آل شیئرز انڈیکس 23.67 پوائنٹس اضافے سے 29065.60 پوائنٹس پر بند ہوا۔