صوبے بھر میں بھل صفائی مہم کا آغاز، 329 دوامی نہروں کی صفائی کی جائے گی

 
0
1125

لاہور،دسمبر 26 (ٹی این ایس): محکمہ آبپاشی پنجاب نے موسم سرما کے دوران بھل صفائی مہم 2017-18 کا آغاز کر دیا ہے۔ترجمان آبپاشی نے بتایا کہ بھل صفائی کے پہلے مرحلہ میں 26 دسمبر 2017 سے شروع ہونے والی یہ مہم 30 جنوری 2018 تک جاری رہے گی اور اس دوران 329 دوامی نہروں کی صفائی کی جائے گی۔جس کا مقصد پانی کی بلارکاوٹ ٹیلوں تک رسائی کے عمل کو بہتر بنانا ہے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ ایک ماہ سے زائد جاری رہنے والی اس مہم کے دوران پنجاب بھر کی سارا سال چلنے والی نہروں اور راجباہوں سے 40 لاکھ کیوسک سے رائد بھل نکالی جائے گی۔

اس مہم کے پیش نظر پنجاب کی نہروں کو مرحلہ وار بند کیا جائے گا۔نہروں کی بندش کے شڈول کے مطابق منگلا ڈیم سے نکلنے والی لوئر جہلم کینال ، رسول قادرآباد لنک کینال اور اپر چناب کینال 20 دسمبر تا 12 جنوری تک بند رہیں گی۔قادرآباد بلوکی لنک کینال ،جھنگ برانچ کینال اور سینٹرل باری دوآب کینال 27 دسمبر سے13 جنوری تک بند رہیں گی۔لوئر باری دو آب کینال اوربلوکی سلیمانکی لنک کینال 29 دسمبر تا 15 جنوری تک بند رہیں گی۔اپر پاکپتن کینال اور ایسٹرن صادقیہ کینال 30 دسمبر تا 16 جنوری تک بند رہیں گی۔اپر جہلم کینال 12تا 29جنوری تک بند رہیں گی۔اور لوئر چناب کینال (علاوہ جھنگ کینال)اور اپر بھاول کینال 13تا30 جنوری تک بند رہیں گی۔ جبکہ تربیلا ڈیم سے نکلنے والی نہروں میں سے تونسہ بیراج سے نکلنے والی تمام نہریں 31 دسمبر سے 17 جنوری تک بند رہیں گی۔ پنجند ہیڈ ورک سے نکلنے والی نہریں5 تا22 جنوری تک بند رہیں گی۔ہیڈ تریموں سے نکلنے والی تمام نہریں 10 تا 27 جنوری تک بند رہیں گی۔سدھنائی اور ایس ایم بی لنک کینالز 11 تا 28 جنوری تک بند رہیں گی۔لوئر پاکپتن کینال 12 تا 29 جنوری تک بند رہیں گی۔جبکہ لوئر بہاول کینال اور تھل کینال 13 تا30جنوری 2018 تک بند رہیں گی۔

ترجمان کے مطابق بھل صفائی کے دوسرے مرحلے میں فروری سے مارچ 2018 کے دوران ششماہی نہروں اور راجباہوں کی بھل صفائی کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ نہروں کی ٹیلوں تک پانی کی رسائی کے لئے بھل صفائی بے حد اہمیت کی حامل ہے۔