اسلام آباد ، دسمبر 27 (ٹی این ایس): وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے منگل کو یہاں وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے وزیراعظم کو کئی اہم امور اور اقوام متحدہ میں ہونے والی حالیہ پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔
انہوں نے وزیراعظم کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں حالیہ رائے شماری کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ یہ قرارداد پاکستان اور اسلامی تعاون تنظیم کے دیگر ممالک نے مقبوضہ بیت المقدس کی حیثیت کے متعلق پیش کی تھی۔ رواں ماہ کے آغاز میں اسلامی تعاون تنظیم کے ہنگامی اجلاس کے دوران وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اعلان کیا تھا کہ اگر سلامتی کونسل نے مقبوضہ بیت المقدس کی حیثیت کے بارے میں کوئی کارروائی نہیں کی تو یہ معاملہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اٹھایا جائے گا۔