جمہوریت کیلئے ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو کی قربانیوں کو تاریخ کبھی فراموش نہیں کر سکتی،سید خورشید شاہ

 
0
327

کراچی دسمبر 27(ٹی این ایس)قوی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ جمہوریت کیلئے ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو کی قربانیوں کو تاریخ کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ شہید بے نظیر بھٹو کی دسویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں سید خورشید شاہ نے کہا کہ عوام اور تاریخ شاہد ہیں کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنوں نے بے مثال قربانیوں سے اس ملک میں جمہوریت کا پودا لگایا اور پھر اسے پروان چڑھایا۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے ذوالفقار علی بھٹو کی شہادت کے بعد سیاسی جدوجہد اور جمہوری وژن کی بدولت ملک میں معاشرتی اور سیاسی استحکام پیدا کیا۔ اور وقت کے ساتھ ساتھ عوام محترمہ کی جدوجہد اور وژن سے مزید مستفید ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ بی بی کی برسی کا دن جمہوریت کیلئے عظیم قربانی کی علامت کا بھی دن ہے اور ذوالفقار علی بھٹو اور ان کی بہادر بیٹی محترمہ بے نظیر بھٹو نے اس ملک سے سفاک آمریتوں کاخاتمہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بہادر لیڈر نے مایوس کن وقت میں قوم کو حوصلہ دیا اور اسے امریت کے ذلت آمیز اندھیروں سے نکال کر جمہوریت کی روشنی میں لا کھڑا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم بھٹو بی بی اور جمہوریت کے پیروکار ہیں اور ہمارے لیڈروں نے ہمیں آمریت اور جمہوریت کا فرق اچھی طرح سمجھا دیا ہے اور اس لئے ہم اس ملک میں ازاد اور مضبوط جمہوریت کو پروان چڑھا کر ہی دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بی بی کی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور یہ عہد کرتے ہیں کہ ہم ان کے جمہوری اصولوں کی ہمیشہ ہاسداری کریں گے۔