گورنر سندھ کی زیر صدارت حیدرآباد کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اجلاس

 
0
524

کراچی دسمبر 29(ٹی این ایس)گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ سندھ کے تاریخی شہر حیدرآباد میں قومی تقاضوں، علمی ضروریات اور عصر حاضر کے مطابق یونیورسٹی کے قیام سے شہر اور اس کے مضافات کے علاقوں میں نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے بھرپور مواقع میسر آئیں گے، یونیورسٹی کے سنگ بنیاد کے لئے وزیر اعظم پاکستان جلد حیدرآباد کا دورہ کرینگے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کے اعلان کردہ5 ارب روپے کے پیکج کے تحت حیدرآباد کے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے بعد ترقیاتی منصوبے تشکیل دیئے جار ہے ہیں تاکہ ترقیاتی عمل میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کی شمولیت کو یقینی بنایا جاسکے۔ان خیالات کا اجلاس انہوں نے گورنر ہاؤس میں وزیر اعظم پیکج کے تحت حیدرآباد میں ترقیاتی منصوبوں کے جائزہ اجلاس سے خطاب میں کیا۔ اجلاس میں میئر حیدرآباد طیب حسین، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد سلیم راجپوت سمیت دیگراعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔ اجلاس میں ایئر پورٹ، یونیورسٹی، ہیلتھ کارڈ ز،انفرااسٹرکچر ڈیویلپمنٹ او ر دیگر عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا اس ضمن میں متعلقہ حکام نے منصوبوں سے متعلق گورنر سندھ کو تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

گورنر سندھ نے کہا کہ حیدرآباد کے لئے 2007 ء میں تشکیل دیئے جانے والے ماسٹر پلان کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دینا ہوگی تاکہ منظم انتظام کے تحت شہر کو بہتر انداز میں ترقی دی جا سکے اس سے شہر کے مسائل کے حل اور شہریوں کو سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی۔انہوں نے مزیدکہاکہ متعلقہ حکام کو منصوبوں کی بروقت تکمیل، شفافیت کے عمل کو یقینی بنانے اور منصوبوں پر کام کے آغاز سے قبل آمد و رفت کے لئے متبادل راستوں کی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ترقیاتی عمل سے حیدرآباد کے مکینوں کو درپیش مشکلات اور حائل رکاوٹوں کے خاتمہ سے زبردست سہولیات حاصل ہو نگی، انفرااسٹرکچر کی بحالی وترقی سے معاشی، اقتصادی، سماجی اور دیگر سرگرمیوں میں اضافہ سے خوشحالی بھی یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت یکساں ترقی کے وژن پر گامزن ہے،صوبہ کے متعدد اضلاع میں وزیر اعظم پیکج کے تحت لوگوں کو سہولیات فراہمی کے منصوبوں پر کام ہو رہا ہے، وفاق کے تعاون سے کراچی میں بھی 75 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے،اعلیٰ تعلیم کے فروغ سے ہی دور جدید میں ترقی کے عمل میں شامل ہو سکتے ہیں، حیدرآباد میں یونیورسٹی کے قیام سے اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں مدد ملے گی،یونیورسٹی میں عصر حاضر سے ہم آہنگ اعلیٰ تعلیم کے لئے ہر ممکن تعاون جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت سے ہی لوگوں کے دل جیتے جا سکتے ہیں، جمہوریت میں جمہور کی فلاح و بہبود کے اقدامات ان کا حق ہے،موجودہ حکومت جمہوریت کے اصولوں کے مطابق بلا تفریق عوامی فلاح وبہبود کے اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے حیدرآباد کے مسائل کے خاتمہ میں مدد ملے گی، وفاق کے تعاون سے تشکیل دیئے جانے والے منصوبوں سے طویل عرصہ سے مشکلات کے شکار لوگوں کا معیار زندگی بھی مزید بہتر ہو سکے گا۔