پاکستان کا دفاع ہی ہماری بقاء ہے،پاکستان کی سلامتی ہماری عافیت اور پاکستان کا استحکام ہماری خوشحالی ہے‘ملک رفیق رجوانہ 

 
0
336

لاہور دسمبر 29(ٹی این ایس)گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ پاکستان کا دفاع ہی ہماری بقاء ہے،پاکستان کی سلامتی ہماری عافیت اور پاکستان کا استحکام ہماری خوشحالی ہے،ہمارا باہمی اتحاد ہی دشمنوں کے مذموم عقائد کی شکست ہے، ہمیں اس وقت فروعی اختلافات کو پس پشت ڈال کر اہم قومی معاملات پر اکٹھاہونا ہے جو اکیس کروڑ عوام کی آواز ہی نہیں بلکہ بنیادی حق بھی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں پی اے ایف ایئر وار کالج، فیصل کراچی کے 66رُکنی افسران کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ گورنر پنجاب نے کہا ہے کہ ملک دشمنوں کو ہر محاز پر شکست دینے کے لئے ہم سب کو ہر محاز پر قومی یکجہتی،باہمی ہم آہنگی اور اجتماعی سوچ وفکر کا مظاہرہ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی دہشت کی جنگ پاکستا ن نے لڑی ہے اور لڑ رہا ہے جس میں پاکستانی فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کردار تاریخ میں سنہرے حروف میں لکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان یہ جنگ بلاشبہ صرف اور صرف انسانیت کی بقا اور آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کے لئے لڑ رہا ہے۔

گورنر نے کہا کہ بلا شبہ پاکستان کی فضائیہ کا شمار دنیا کی بہترین فضائیہ میں ہوتا ہے جس پر قوم جتنا بھی فخر کر سکے کم ہے۔ ہمارے شاہینوں نے ہر دور میں ملکی حرمت اور سلامتی کے لئے کامیابیوں کامرانیوں اور جوش جذبے کی لازوال داستانیں رقم کی ہیں۔اس موقع پر گورنر پنجاب نے افسران کو موجودو حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے ان ترقیاتی میگا پروجیکٹس بالخصوص بجلی کے بحران پر قابو پانے اور ہزاروں میگا واٹس بجلی مہیا کرنے کے سلسلے میں بھی تفصیلا آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے بحران کے حل سے ملکی معیشیت مستحکم ہوئی ہے،انڈسٹری اور کاروباری طبقے کے اس سے نہ صرف مشکلات میں کمی آئی ہے بلکہ ان کے کاروباری معاملات مزید بہتر ہوئے ہیں۔جنوبی پنجاب کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ حکومت جنوبی پنجاب کے عوام کو تعلیمی شعور، صنعتی اور ترقیاتی منصوبے، بجلی کی فراہمی اور بنیادی انسانی حقوق مہیا کرنے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کا بنیادی مسلہ ان کے حقوق اور ضروریات کا اعادہ اور فراہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب ہسپتالوں کو جدید سہولتوں سے لیس کیا جارہا ہے، کڈنی اور برن سینٹر تعمیر کیے گئے ہیں جبکہ تعلیم کے شعبے میں بہترین یونیورسٹیوں کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہاہے۔ بعد ازاں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے ترکی کے 20رُکنی وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر بلدیات پنجاب منشا ء اللہ بٹ، مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب خواجہ احمد حسان اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور ترکی میں گہرے برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں مسلم ممالک کا رشتہ جسم اور روح کے مترادف ہے جو وقت کے ساتھ ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہو رہاہے۔انہوں نے کہا کہ ترکی کی پنجاب میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری خوش آئند ہے اور حکومت پنجاب عوام کو بہتر سے بہتر شہری اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے ترکی حکومت سے تعاون لے رہے ہیں۔ گورنر نے کہا کہ پاکستان میں ترک سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جارہا ہے۔ اس موقع پروفد نے گورنر پنجاب کو بتایاکہ ترکی پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بے پناہ اہمیت دیتا ہے۔ وفد نے کہا کہ اگر آج ترکی میں جمہوریت رواں دواں ہے تو یہ پاکستان ہی کی بدولت ہے جس نے جمہوری قدروں کی بھر پور حوصلہ افزائی کی ہے۔ وفد نے بتایا کہ ترکی،پاکستان میں ہونے والی مختلف قسم کی قدرتی آفات میں شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے چاہے وہ کشمیر میں ہونے والا زلزلہ ہو یا سیلاب کی صورت میں متاثرہ افراد کی مدد، ترکی نے ہر ممکن مکمل سپورٹ فراہم کی ہے۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے ترکی وفد کے ہمراہ گورنر ہاؤس میں یادگاری پودا بھی لگایا۔