میٹرو ٹرین منصوبے پر کام کے دوران سپریم کو رٹ کے فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل 

 
0
346

لاہور دسمبر 29(ٹی این ایس) لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے پر جاری کام کے دوران عدالت عظمیٰ کے فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لئے وسیع البنیاد خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے ۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج جسٹس سید زاہد حسین کو کمیٹی کا سربراہ نامزد کر دیا ہے ۔ خصوصی کمیٹی کا پہلا اجلاس گزشتہ روز سول سیکریٹریٹ کے دربار ہال میں منعقد ہوا۔جسٹس (ر ) زاہد حسین نے ہدایت کی کہ کمیٹی میں شامل تکنیکی ماہرین سپر یم کورٹ کے احکامات پر سختی سے عمل درآمد کروانے ‘ تعمیراتی کام بروقت اور بلا تاخیر خوش اسلوبی سے مکمل کروانے اور شہریوں کی سہولت یقینی بنانے کے لئے منصوبے کے کنسلٹنٹ اور اس پر کام کروانے والے ادارے سے قریبی رابطہ رکھیں ۔ انہوں نے ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے سے کہا کہ کمیٹی کے آئندہ اجلاس سے قبل کمیٹی کے ممبران کو تعمیراتی کام والی جگہوں کا دورہ کروایا جائے ۔ کمیٹی کے چیئر مین نے اس بات پر زور دیا کہ تاریخی عمارتوں کا تحفظ اور عوام کو سفری سہولتوں کی فراہمی خصوصی اہمیت کی حامل ہے۔ منصوبے پر عمل درآمد سپریم کورٹ کی طرف سے دی جانے والی گائیڈ لائن کی اصل روح کے مطابق کیا جائے۔