کمشنر کراچی کی طرف سے تہذیب و تمدن اور زبان و ادب کے فروغ کیلئے آرٹس کونسل کراچی کے کام کی سراہنا

 
0
316

کراچی ،دسمبر 31 (ٹی این ایس): کمشنر کراچی ،چیئر مین آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اعجاز احمد خان نے کہا ہے کہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جس طرح تہذیب و تمدن اور زبان و ادب کے فروغ کے لئے بڑھ چڑھ کر کام کیا جارہا ہے وہ قابل تحسین ہے۔ موجودہ باڈی آئندہ ایک سال اس روایت کو مزید مضبوط بنائے گی۔میں اس ادارے کو نہ صرف شہر ،صوبے بلکہ پاکستان کی ثقافت کا اصل حب بنتا ہوا دیکھ رہا ہوں۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے اتوار کو آرٹس کونسل کراچی کے اوپن ایئر تھیٹر میں سالانہ جنرل باڈی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صدر آرٹس کونسل کراچی محمد احمد شاہ ، نائب صدر اطہر وقار عظیم ،سیکریٹری آرٹس کونسل اعجاز احمد فاروقی، جوائنٹ سیکریٹری قدسیہ اکبر،خازن شہناز صدیقی ،ایگزیکٹو ڈائریکٹر ندیم ظفر،ممبرانِ گورننگ باڈی اورآرٹس کونسل کراچی کے ممبران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس کے آغاز پر صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی محمد احمد شاہ نے گزشتہ سال ادب و ثقافت کے فروغ کے لئے کئے جانے والے کاموں پر مشتمل ویڈیو ممبران کے سامنے پیش کی جسے ایک بڑی اسکرین پر دکھایا گیا۔بعد ازاں کمشنر کراچی اور چیئرمین آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اعجاز احمد خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اپنی بات دوسروں تک پہنچانے کے لئے ہم سب میں برداشت کی قوت اور بات کہنے کا سلیقہ ہونا چاہئے دُنیا کا ہرمسئلہ صرف اور صرف مکالمے کے ذریعے ہی حل کئے جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال جب آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے الیکشن منعقد ہوئے تو وہ نتیجہ کے اعلان تک رات گئے اور صبح تک خود موجود رہے تھے اور اپنی نگرانی میں ووٹوں کی گنتی کا مرحلہ مکمل کروایا تھا

انہوں نے کہاکہ میں آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کو نہ صرف اس شہر اور صوبے بلکہ پاکستان کی ثقافت کا اصل حب بنتا ہوا محسوس کررہا ہوں۔ انہوں نے ممبران آرٹس کونسل سے کہاکہ وہ اپنی دلچسپی اور توجہ کے ساتھ ادب و ثقافت کے فروغ کے لئے مستقل کوشاں رہیں انہوں نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی سے ادب و ثقافت کے فروغ کا سفر یونہی جاری رہے گا۔اس موقع پر صدر آرٹس کونسل کراچی محمد احمد شاہ نے اپنے خطاب میں کہاکہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے ممبران کی ہاؤسنگ سوسائٹی کے لئے 5سو ایکڑ زمین کی منظوری وزیراعلیٰ سندھ دے چکے ہیں مگر کیونکہ عدالتی احکامات پر ابھی یہ معاملہ رُکا ہوا ہے جیسے ہی کوئی واضح اعلان ہوگا تو ممبران کو پلاٹ دے دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ یہ بہت اعزاز کی بات ہے کہ ممبران کی بھرپور دلچسپی کے باعث ادب و ثقافت کو آگے لے جانے کا سفر مستقل جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ سال ہمارے لئے اس لئے بھی زیادہ اہم ہے کہ اس بار ہم نے اپنے ملک کا ستر سالہ جشن آزادی منایا ہے اور ساتھ ہی عالمی اُردو کانفرنس کے بھی دس سال مکمل ہوگئے ہیں۔ اس سال 3سو سے زائد پروگرام منعقد ہوئے، انہوں نے کہاکہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں تسلسل کے ساتھ ہونے والی مختلف نوعیت کی تقریبات کا چرچہ ملک بھر میں کیا جاتا ہے اس کامیابی کے پیچھے میرے ساتھ پوری ٹیم کی محنت شامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس شہر، صوبے اورملک میں جو ثقافتی انقلاب آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے ذریعے پیدا کیاگیاہے اُسے اب رکنے نہیں دیا جائے گا۔ قبل ازیں اراکین کونسل نے گزشتہ اجلاس کے منٹس کی توثیق اور آمدنی و اخراجات کے آڈٹ رپورٹ کی منظوری دی،سیکریٹری آرٹس کونسل کراچی پروفیسر اعجاز احمد فاروقی نے اس موقع پر چیئرمین آرٹس کونسل اور ممبران کی بھرپور شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔اجلاس میں ممبران نے سال بھر کی کارکردگی ،حسابات اور دیگر امور پر سوالات بھی کئے جس کا صدر اورچیئرمین نے تفصیلاً جوابات دے کر ممبران کو مطمئن کیا۔