دہشتگردی کی جنگ میں جانیں قربان کیں، ڈونلڈ ٹرمپ اپنے بیہودہ الزامات پر پاکستان سے معافی مانگے‘ لاہور ہائیکورٹ بار

 
0
382

لاہور جنوری 2 (ٹی این ایس)صدر لاہور ہائیکورٹ بارایسوسی ایشن چوہدری ذوالفقار علی،نائب صدر راشد جاوید لودھی،سیکرٹری عامر سعید راں اور فنانس سیکرٹری محمد ظہیر بٹ نے اپنے مشترکہ بیان میں امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کے ان الزامات کو انتہائی لغو اور بیہودہ قرار دیا جس میں صدر ٹرمپ نے پاکستان کو جھوٹا، دھوکے باز کہا۔عہدیداران لاہور ہائیکورٹ بارایسوی ایشن نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی افواج اور سول سوسائٹی نے ہزاروں جانیں قربان کیں اور اس جنگ میں پاکستان کی معیشت کو ناقابلِ تلافی نقصان اٹھانے کے علاوہ عوام کو خوشحالی جیسی دولت سے بھی ہاتھ دھونے پڑے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ نیو ورلڈآرڈر کی تکمیل کی خاطر پرامن اور تیل کی دولت سے مالا مال اسلامی ممالک کو زیرنگوں کرنے اور ان کے وسائل پر قبضہ کرنے کی خاطر نام نہاد دہشتگردی کا بہانہ بنا کر فوج کشی کر کے وہاں کے خوشحال عوام کو دو وقت کی روٹی سے محروم کر دیا اور لاکھوں افراد کو لقمہ اجل بنایا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے لاکھوں تاریک وطن کو پاکستان اپنے دستیاب وسائل سے پناہ دے رکھی ہے جس کی وجہ سے دہشتگردوں کے سہولت کاروں پر قابو پانے میں ملک کو دشواریوں کا سامنا ہے تاہم ہماری بہادر افواج نے دہشتگردی پر کافی حد تک قابو پالیا ہے اور وطن عزیز خوشحالی کے سفر پر گامزن ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنے بیہودہ الزامات پر پاکستان سے معافی مانگے اور ارباب اقتدار سے مطالبہ کیا کہ ڈونلڈٹرمپ کے بیان پر فوری ردعمل اور مناسب کاروائی عمل میں لائیں۔