جمہوری اور روشن خیال معاشرہ تعمیر کرنے کے مرحلے میں ہیں ،اسپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی

 
0
445

کوئٹہ،جنوری02 (ٹی این ایس):اسپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی محترمہ راحیلہ حمید خان درانی نے کہا ہے کہ ہم ایک جمہوری اور روشن خیال معاشرہ تعمیر کرنے کے مرحلے میں ہیں اور اس مقصد کے لئے بزرگوں، خواتین اور دیگر کمزور طبقات کے حقوق کے حصول اور ان کی برابری کی حیثیت کی بحالی کے لئے سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے منگل کے روز ادارہ بہبود عمررسیدہ (آبرو) میں اپنے فنڈ سے تجویز کردہ اولڈ ایج ہوم کی افتتاحی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بزرگ شہریوں کی دیکھ بھال اور فلاح وبہبود کو موجودہ حکومت بہت اہمیت دیتی ہے اور اس سلسلے میں ایک بل بلوچستان اسمبلی پہلے ہی منظور کرچکی ہے۔ اسپیکر نے متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ بزرگ شہریوں سے متعلق منظور کئے گئے قانون پر مکمل عملدرآمد کیا جائے۔ انہوں نے بزرگ شہریوں کے لئے اولڈ ایج ہوم کی تکمیل کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان ہم سب کا گھر ہے اور یہاں بسنے والے تمام شہریوں کو یکساں حقوق کو یقینی بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ اسپیکر نے خواتین کی فلاح وبہبود سے متعلق اسمبلی میں منظور کردہ بلوں کے حوالے سے کہا کہ میری پوری کوشش ہے کہ میں خواتین کے احترام اور وقار کو یقینی بنانے اور انہیں تمام بنیادی حقوق کی فراہمی کے لئے فعال کردار ادا کروں اور جس حد تک ممکن ہو ان کی نمائندگی کا حق ادا کروں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے مذہب نے بھی ہمیں معاشرے میں کمزوروں کے حقوق اور احترام کا ہر حال میں خیال رکھنے کا پابند کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے لئے خواتین کے لئے اولڈ ایج ہوم کا نئے سال کے دوسرے دن افتتاح کرنا باعث مسرت ہے۔ 34ملین روپے کی لاگت سے قائم اولڈ ایج ہوم میں معمرخواتین کو بہترین سہولیات مہیا کی جائیں گی۔ اسپیکر نے کہا کہ ایک ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے ہمیں اس ادارے کی ترقی کے لئے رضاکارانہ طور پر بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے۔ اس موقع پر ادارہ بہبود عمررسیدہ (آبرو) کے سربراہ بریگیڈیئر ریٹائرڈ عبدالرزاق بلوچ نے بتایا کہ عمررسیدہ خواتین کے لئے اسپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی کی کاوشوں سے تعمیر اولڈ ایج ہوم صوبہ بھر میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا ادارہ ہے جو 34ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے