دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان نے بے مثال کامیابیاں حاصل کیں،چین ہر قسم کی صورتحال میں ہمیشہ ساتھ کھڑا رہے گا، چینی سفیر
اسلام آباد ،جنوری02 (ٹی این ایس):چین نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی بے مثال کامیابیوں کو تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین ہر قسم کی صورتحال میں ہمیشہ پاکستان کیساتھ کھڑا رہے گا۔پاکستان میں چینی سفیر نے یہ بات منگل کو مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ گفتگو کے دوران دیگر امور سمیت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ ٹویٹ پر بھی گفتگو کی گئی۔
مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے چینی سفیر یاؤ جنگ کا پاکستان میں خیرمقدم کرتے ہوئے امریکی صدر کی جانب سے پاکستان مخالف ٹویٹ پر تشویش کا اظہار کیا۔ چینی سفیر نے کہا کہ چین ہر قسم کی صورتحال میں پاکستان کیساتھ کھڑا رہے گا۔انہوں نے پاکستان کی سلامتی و استحکام کے حوالے چین کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ پاک چین تعلقات نہ صرف دونوں ممالک کے عوام کے مفادات کی نگہبانی کرتے ہیں بلکہ جنوبی ایشیاء میں امن و استحکام کیلئے بھی نہایت ضروری ہیں۔دونوں رہنماؤں نے افغانستان میں سیاسی مصالحت کی ضرورت پر زور دیا۔