عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے مزید 15اضلاع کو وزیراعظم قومی صحت پروگرام کا حصہ بنایا جا رہا ہے ، پروگرام کے تحت غریب مریضوں کے علاج معالجہ میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائیگی،وفاقی وزیرقومی صحت کا اجلاس سے خطاب

 
0
622

اسلام آباد ،جنوری02 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے مزید 15اضلاع کو وزیراعظم کے قومی صحت پروگرام کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔پروگرام کے تحت غریب مریضوں کے علاج معالجہ میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی ۔

وفاقی وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ نے یہ بات منگل کو قومی صحت پروگرام کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری ہیلتھ نوید کامران بلوچ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر اسد حفیظ، ڈائریکٹر پروگرام ڈاکٹر فیصل ارفاق اور سٹیٹ لائف کے افسران نے شرکت کی۔ وزیر صحت نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم قومی صحت پروگرام پاکستان کی تاریخ میں صحت عامہ کا سب سے بڑا پروگرام ہے جس کا دائرہ کار پورے ملک تک پھیلایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت غریب مریضوں کے علاج معالجہ میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائیگی ۔

وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ پاکستان بھر میں مزید 15اضلاع جن میں مظفر گڑھ، لیہ، لودھراں، ملتان، راجن پور، ڈی جی خان، میانوالی، بھکر، خوشاب، بہاولنگر، بہاولپور اور حافظ آباد ،جبکہ سند ھ سے نوشہرو فیروز ،بلوچستان سے قلعہ عبداللہ اور خضدار میں صحت پروگرام کا فوری طور پر آغاز کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر قیادت وزیراعظم قومی صحت پروگرام کے ذریعے غریب عوام کو بہترین صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے مشن پر گامزن ہیں۔ ا نہوں نے کہاکہ اس پروگرام کے تحت ان نئے 15 اضلاع میں تقریباً 15 لاکھ خاندان علاج معالجے کی مفت سہولیات سے مستفید ہونگے۔