وفاقی حکومت ملک میں صحت کی سہولیات بہتر بنانے کے لئے ترجیحی بنیادوںپر اقدامات کررہی ہے، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن سرتاج عزیز

 
0
592

اسلام آباد ،جنوری03(ٹی این ایس) :ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ملک میں صحت کی سہولیات بہتر بنانے کے لئے ترجیحی بنیادوںپر اقدامات کررہی ہے اور اس ضمن میں پلاننگ کمیشن ویژن 2025ء کے تحت پورے ملک میں اس شعبے کو مزید فعال اور مستند بنانے کے لئے منصوبہ بندی کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پرائم منسٹر نیشنل ہیلتھ پروگرام پاکستان کی تاریخ کا صحت عامہ کا سب سے بڑا پروگرام ہے، جس کا دائرہ کار پورے ملک تک پھیلایا جا رہا ہے اور اس پروگرام کے تحت غریب مریضوں کے علاج معالجہ میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان بھر میں پرائم منسٹر نیشنل ہیلتھ پروگرام کے تحت 41 اضلاع میں صحت پروگرام کاچل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں پرائم منسٹر نیشنل ہیلتھ پروگرام کے ذریعے غریب عوام کو بہترین صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے مشن پر گامزن ہیں۔ گزشتہ روز سی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں صحت سے متعلق7.3 ارب روپے مالیت کے منصوبے منظور کئے ہیں۔

اجلاس میں وزارت خزانہ نے شہید بینظیر آباد (نواب شاہ)میں 300 بستروں پر مشتمل زچہ و بچہ کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے انسٹی ٹیوٹ کے قیام کے لیے ایک ارب 99کروڑ 6لاکھ 49ہزار روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جسے اجلا س نے منظور کر لیا۔ اجلاس میں کیبنٹ ڈویڑن نے عید گاہ روڈ راولپنڈی میں آبسٹیٹرکس اور جینی کولوجی کے لیے 200 بستروں پر مشتمل سنٹر کے قیام کے لیے 5ارب 31کرور 60 لاکھ روپے کا منصوبہ اجلاس میں پیش کیا گیا جس کو اجلاس نے منظوری کے لیے ایکنک بھجوا دیا۔