حکومت نے سخت محنت سے توانائی کی قلت پر قابو پایا ہے‘سردار اویس احمد خان لغاری

 
0
509

اسلام آباد ،جنوری03(ٹی این ایس): وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ حکومت نے سخت محنت سے توانائی کی قلت پر قابو پایا ہے‘ توانائی کی ضروریات پورا کرنے کے لئے حکومت نے متعدد منصوبے لگائے‘ ابھی ہمیں بجلی کی فراہمی کا بہتر نظام کرنا ہے‘ شمسی توانائی سے سستی بجلی کا حصول ممکن ہے جس پر کام کررہے ہیں‘ صارفین کے لئے نیٹ میٹرنگ آسان اور مشکلات سے پاک بنا رہے ہیں۔

بدھ کو کامسیٹس میں نیٹ میٹرنگ فریم ورک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اویس لغاری نے کہا کہ ملک میں توانائی کی کمی کو وپرا کرنے کے لئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔ حکومت نے سخت محنت سے توانائی کی قلت پر قابو پایا ہے ابھی ہمیں بجلی کی فراہمی کا بہتر نظام کرنا ہے۔ بجلی چوری اور گردشی قرضے پر قابو پانا ہے حکومت نے بجلی کی پیداوار کے سلسلے میں مستقبل کے لئے اہداف مقرر کئے ہیں۔

توانائی کی ضروریات پورا کرنے کے لئے حکومت نے متعدد منصوبے لگائے دنیا بھر میں نیٹ میٹرنگ ایک کامیاب تجربہ ہے۔ شمسی توانائی سے سستی بجلی کا حصول ممکن ہے جس پر کام کررہے ہیں۔ صارفین کے لئے نیٹ میٹرنگ آسان اور مشکلات سے پاک بنا رہے ہیں۔ نیٹ میٹرنگ کنکشن ایک ماہ سے بھی کم مدت سے حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ فروخت کار صارفین نیٹ میٹرنگ کے شعبے میں بہترین سہولتیں فراہم کریں گے۔ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے نیٹ میٹرنگ حکومتی کوششوں کا حصہ ہے فضائی آلودگی سے بچائو کے لئے 2030 تک گرین گیس کے منصوبے پر کام کررہے ہیں۔