ایران میں احتجاج‘ امریکہ کا سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ

 
0
513

              نیویارک جنوری 3(ٹی این ایس)ایران میں جاری عوامی احتجاج اور آمرانہ حکومت سے نجات کے لیے جاری تحریک کے حوالے سے امریکا نے نیویارک میں سلامتی کونسل اور جنیوا میں انسانی حقوق کونسل کے ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ میں امریکا کی مستقل مندوب نکی ہیلی نے کہا کہ ایران عوام کو آزادی کا حق حاصل ہے۔ ان کا ملک ایرانی عوام کے تمام جائز مطالبات کی حمایت کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایرانی قوم کی تحریک آزادی کو طاقت کے ہتھکنڈوں سے دبانے کی ایرانی سازشوں پر ہمیں خاموش تماشائی نہیں رہنا چاہیے بلکہ ہمیں ایرانی عوام کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔امریکی مندوب کا کہنا تھا کہ ایران میں شروع ہونے والے احتجاج کو باہر سے کنٹرول کرنے کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ یہ احتجاج براہ راست ایرانی عوام نے ملک کے اندر ہی سے شروع کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم بخوبی جانتے ہیں کہ ایران اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والے عوام کو بیرونی آقاؤں کے ایجنٹ قرار دیتا ہے۔ یہ دعویٰ بالکل بے بنیاد ہے کہ ایران میں جاری عوامی بغاوت کے پیچھے امریکا یا کسی دوسرے ملک کا ہاتھ ہے۔ ایرانی عوام نے سال ہا سال سے مسلط آمریت سے تنگ آ کر آزادی کی تحریک شروع کی ہے۔نکی ہیلی نے مزید کہا کہ ایران میں احتجاج کو دبانے کے لیے ریاستی طاقت کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ شہری آزادیوں کو کچلنے کے لییایران میں اقوام متحدہ کے بنیادی شہری حقوق کو کھلے عام پامال کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا عالمی برادری کو 2009ء کے ایرانی احتجاج پر منفی رد عمل کی غلطی نہیں دہرانی چاہیے بلکہ ہمیں ایرانی عوام کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کی پوری تاریخ وحشت، بربریت اور قتل عام جیسے مکروہ واقعات سے بھری پڑی ہے۔