چکوال جنوری 4(ٹی این ایس) پاکستان مسلم لیگ (ن )کے رہنما رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ کوئی ملک ہمیں پیسوں کاطعنہ نہ دے،شہدا کے خون کوپیسوں سے نہ تولاجائے،22 کروڑ لوگوں کے ایٹمی ملک کو للکارا گیاہے،پاکستان کی قربانیوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ چکوال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو احساس ہونا چاہئے کہ آج پاکستان کی للکارا جا رہا ہے اور ہمیں مشکل وقت کے دوستوں کو نہیں بھولنا چاہئے، چین ہمارے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑا ہے ، انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کو بھی عقل آنی چاہئے جن کی وجہ سے چینی صدر کا دورہ تاخیر کا شکار ہوا۔حمزہ شہباز نے کہا امریکی صدر کے بیان پر سیاسی جماعتوں کی اے پی سی بلائی جائے اورتمام سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر حل نکالناچاہئے،انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کو اتحاد و اتفاق کی ضرورت ہے،ہمیں باہمی نفاق کو بھلا کر انتخابات کی راہ کو ہموار کرناچاہئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی اداروں کیلئے واحد آپشن جمہوریت ہے اوراسے چلتے رہنا چاہئے ،انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم عزت کی خاطر ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہے ،امریکی صدر کی دھمکیوں کا مقابلہ کرے گی۔