پاکستان اور جاپان کا معیشت سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کے فروغ کیلئے اعلیٰ سطحی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق

 
0
562

اسلام آباد  جنوری 4(ٹی این ایس)پاکستان اور جاپان نے معیشت سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مضبو ط بنانے کے لئے اعلیٰ سطحی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے،وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے پر امن،مستحکم اور محفو ظ افغانستان کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہو ئے افغانستان کی قیادت میں مصالحتی عمل کی حمایت کے حوالے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا،انہوں نے افغانستان میں عالمی برادری کی طرف سے مستقل تعاون کی ضرورت پر زور دیا اور سی پیک کے ذریعے خطے کے روابط بڑھانے پر زور دیا،خواجہ آصف نے تمام دہشت گرد گروپوں کے خلاف پاکستان کی جنگ اور مقبوضہ کشمیر میںجاری مظالم سے آ گاہ کیا جبکہ جاپانی وزیر خارجہ تاروکونو نے دہشت گردی کے خلا ف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہا اورجاپانی وزیرخارجہ نے دہشت گردی کے خلاف عالمی برادری کی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق جاپانی وزیر خارجہ تاروکونو پاکستان میں دو روزہ دورے پر آئے ہیں۔ دورے کے دوران انہوں نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ،وزیر خارجہ خواجہ محمد آ صف اورآ رمی چیف جنر ل قمر جاوید باجوہ سے ملاقاتیں کی ہیں۔ وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف سے جاپانی وزیر خارجہ تاروکونو نے ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معیشت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ شراکت داری میں اضافہ ہورہا ہے، دونوں ملکوں نے دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لئے اعلیٰ سطحی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ملاقات کے دوران دونوں ملکوں سے متعلقہ باہمی اور عالمی امو ر اور ان کے خطوں میں امن اور سلامتی پر بات چیت کی گئی ۔

وزیر خارجہ خواجہ آصف نے پر امن،مستحکم اور محفو ظ افغانستان کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور افغانستان کی قیادت میں مصالحتی عمل کی حمایت کا اعادہ کیا۔خواجہ آصف نے افغانستان میں عالمی برادری کی طرف سے مستقل تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔خواجہ آصف نے سی پیک کے ذریعے خطے کے روابط بڑھانے پر بریف کیا۔خواجہ آصف نے تمام دہشت گرد گروپوں کے خلاف پاکستان کی جنگ کے بارے میں آگاہ کیا۔ملاقات کے دوران جاپان کے وزیر خارجہ کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میںجاری مظالم سے آ گاہ کیا گیا اور پاکستان کے نیوکلئیر سپلائرز گروپ میں شمولیت کے حوالے سے اہلیت کے بارے میں بھی آ گاہ کیا گیا۔جاپانی وزیر خارجہ تاروکونو نے دہشت گردی کے خلا ف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہا۔جاپانی وزیرخارجہ نے دہشت گردی کے خلاف عالمی برادری کی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔