امریکہ کی شمال مشرقی ریاستیں نئے سمندری طوفان کے بعد شدید سردی کی لپیٹ میںآ گئیں ٗپروازیں منسوخ ٗ 19افراد ہلاک 

 
0
474

واشنگٹن جنوری 6 (ٹی این ایس)امریکہ کی شمال مشرقی ریاستیں نئے سمندری طوفان کے بعد شدید سردی کی لپیٹ میںآ گئیں۔طوفان کے باعث مین ہیٹن، نیو ہمشائر، ورمونٹ،نیو جرسی، میساچیوسٹس اور کنکٹی کٹ سمیت کئی ریاستوں میں 12 انچ برف باری ریکارڈ کی گئی۔میساچیوسٹس میں دس ہزار افراد بجلی سے محروم ہوگئے جبکہ میری لینڈ،جنوبی کیرولائنا، جارجیا، فلوریڈا اور پنسلوینیا میں سردی اور برف باری کے باعث مشکلات کا سامنا کر نا پڑا۔سب سے زیادہ پریشانی ساحلی علاقوں میں رہنے والوں کو ہے جہاں بارش کے بعد سڑک پر جمع ہونے والا پانی جم گیا جس کے نتیجے میں متعدد گاڑیاں پھنس گئیں ٗمقامی حکام کے مطابق سڑک پر جمی برف ہٹانے کیلئے سیکڑوں مشینیں رات دن کام کررہی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق قطب شمالی سے چلنے والی ہواؤں اور شدید سردی کی لہر کے نتیجے میں آنے والے دنوں میں درجہ حرارت ریکارڈ حد تک گرسکتا ہے۔بوسٹن اور نیویارک میں درجہ حرارت منفی گیارہ ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ واشنگٹن میں درجہ حرارت منفی سات ریکارڈ کیا گیا۔دوسری جانب بوسٹن اور نیویارک میں صورت حال کچھ بہتر ہونے کے بعد فلائٹ آپریشن بحال ہوگیا ہے تاہم گزشتہ روز بھی نیویارک کے جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ پر بیس فیصد فلائٹس منسوخ کرنا پڑیں جبکہ بوسٹن ایئرپورٹ پر تیس فیصد پروازیں منسوخ ہوئیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سردی کی لہرسے 19 اموات وسطی اور مشرقی ریاستوں میں ہوئیں جبکہ ہزاروں لوگ گھروں میں محصور ہوکررہ گئے ہیں