نوازشریف وعدے نہیں کام کر کے دکھاتے ہیں ٗ جولائی میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائیگا ٗ وزیر اعظم 

 
0
274

صادق آباد جنوری 6(ٹی این ایس)وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ جولائی میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائیگا ٗنوازشریف وعدے نہیں کام کر کے دکھاتے ہیں ٗ ہماری حکومت آئی تو ملک میں گیس، بجلی کچھ بھی نہیں تھی ٗہم گیس کا مسئلہ حل نہ کرتے تو بجلی کا مسئلہ بھی حل نہیں کرسکتے تھے ٗجنوبی پنجاب میں جتنا کام (ن)لیگ نے کیا ساری جماعتوں نے مل کر بھی نہیں کیا ہوگا ٗجس نے مقابلہ کر نا ہے الیکشن میں آ جائے۔ ہفتہ کو آر ایل این جی کی ترسیل اور فراہمی کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شاہد کاقان عباسی کا کہنا تھا کہ جولائی میں دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے گا۔وزیراعظم پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بارے میں کہا کہ نواز شریف وہ لیڈر ہیں جو وعدے نہیں کام بھی کرکے دکھاتے ہیں۔گزشتہ حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی وسائل موجود تھے جنہیں بروئے کار نہیں لایا گیا۔انہوں نے سوال کیا کہ کیا یہ منصوبے پہلے نہیں لگ سکتے تھے۔اپنی حکومت کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے عوام سے محض وعدے نہیں کیے عملی اقدامات کیے ہیں اور ہماری حکومت میں ہی سیکڑوں منصوبہ بنے ہیں۔

منصوبے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان کو ترقی دینے میں ایل این جی منصوبے کا بہت اہم کردار ہے جبکہ ایل این جی منصوبہ پاکستان کوترقی دینیاور توانائی مسائل کے حل میں انتہائی اہم ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی بھی 42 انچ کی پائپ لائن نہیں ڈالی گئی تھی جبکہ ان منصوبوں میں پانچ سال لگتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ہماری حکومت آئی تو ملک میں گیس، بجلی کچھ بھی نہیں تھی جبکہ ایسی صورت حال میں ملک ترقی نہیں کرسکتا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہم گیس کا مسئلہ حل نہ کرتے تو بجلی کا مسئلہ بھی حل نہیں کرسکتے تھے۔وزیر اعظم نے کہا کہ سوئی سدرن اور ناردرن نے 2 سال میں منصوبہ مکمل کیا اور اس منصوبے سے پنجاب اور خیبرپختونخوا کو گیس فراہم ہوتی ہے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جب سے پاکستان بنا 580 کلو میٹر موٹروے بنا جو مسلم لیگ (ن)نے بنایا اس کے بعد کچھ نہیں ہوا، حکومت آئی تو 1800 کلو میٹر موٹروے بنایا، ترقی یافتہ ملک بھی سال میں 250 کلو میٹر موٹروے نہیں بناسکتے، ہم نے 1800 کلو میٹر بنا، یہ وہ چیزیں ہیں جو ہمیشہ کے لیے ملک کو ترقی دیں گی۔انہوں نے کہا کہ آج ملک میں کوئی بھی کارخانہ لگانا ہو آپ کو گیس میسر ہے، موجودہ حکومت نے گیس کا ایک کنکشن بھی سفارش پر نہیں دیا۔وزیراعظم نے کہاکہ ہم تمام منصوبے مکمل کریں گے، عوام کسی غلط فہمی میں نہ رہے، وعدے کرنے والے بہت ملیں گے لیکن (ن) لیگ کام اور خدمت کی سیاست کرتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ جس طرح یہ منصوبہ مکمل ہوا ملک کے دوسرے منصوبے بھی مکمل ہوں گے۔جنوبی پنجاب میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نے کی حکومت میں جنوبی پنجاب نے ترقی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں جتنا کام ن لیگ نے کیا ساری جماعتوں نے مل کر بھی نہیں کیا ہوگا۔سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کوئی کرپشن کی سیاست کررہا ہے تو کوئی پگڑی اچھالنے کی جبکہ ہماری حکومت میں معیشت نے ترقی کی۔انہوں نے بتایا کہ عوام جانتی ہے کہ ملک میں کون سی جماعت کام کرتی ہے اور جولائی کے الیکشن میں دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ جو تنقید کرتے ہیں انہیں چیلنج کرتا ہوں وہ اپنے دور کا ایک منصوبہ دکھادیں، ہم سیکڑوں منصوبے دکھاتے ہیں جس نے مقابلہ کرنا ہے وہ الیکشن میں آجائے۔