مقاصد اور اہداف کے حصول کیلئے امریکہ کو پاکستان کے ساتھ کام اور اسٹریٹجک سطح پر مزاکرات کو بحال کرنا چاہیے ٗخرم دستگیر خان

 
0
461

اسلام آباد جنوری 11(ٹی این ایس)وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ مقاصد اور اہداف کے حصول کیلئے امریکہ کو پاکستان کے ساتھ کام اور اسٹریٹجک سطح پر مزاکرات کو بحال کرنا چاہیے ٗپاکستان اور امریکہ کی مشترکہ کوششوں سے افغانستان میں امن کی بحالی میں مدد ملے گی۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان باہمی تعاون سے افغانستان میں دہشت گردی کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ مقاصد اور اہداف کے حصول کیلئے امریکہ کو پاکستان کے ساتھ کام اور اسٹریٹجک سطح پر مزاکرات کو بحال کرنا چاہیے اور ہمارے ملک کو ڈرانے یا دھمکی آمیز رویے سے گریز کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے امریکہ کے ساتھ تعاون ہی کی وجہ سے خطے میں سے القاعدہ کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ انٹیلی جنس شیئرنگ اور پاکستان کے تعاون کے بغیر امریکہ کامیابی حاصل نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کے حل کیلئے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے تاکہ پاکستان اور امریکہ افغانستان میں امن کے اپنے مشترکہ مقصد کو حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے مادر وطن کی حفاظت کے لیے ہماری مسلح و بہادر افواج اپنی سرحدوں اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنے ہزاروں بہادر سپاہیوں اور عام شہریوں کی قربانیوں کے بعد یہ کامیابی حاصل کی اور یہاں امن کو بحال کیا ہے۔ ضلع قصور میں بچی کے ساتھ بدسلوکی کے واقعہ کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس افسوسناک واقعے کے پیچھے چھپے مجرم کو ٹریس آؤٹ کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں اور عدلیہ قانون کے مطابق ذمہ دار شخص کے خلاف کارروائی کرے گی۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کسی بھی معاملے پر بحث کرنے کے لیے اپوزیشن کو پارلیمنٹ کا فورم استعمال کرنا چاہیے۔