وزیر مملکت برائے پانی و بجلی نے ایبٹ آباد میں ملک پورہ اربن فیڈر کے قیام کی منظوری دیدی

 
0
273
ایبٹ آباد جنوری 11(ٹی این ایس) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے ملکپورہ اربن فیڈر کے قیام کی منظوری دیدی ہے اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ اس سلسلہ میں ابتدائی سروے اور فزیبیلٹی رپورٹ تیار کر کے کمپنی کو بھیجیں۔ وزیر مملکت برائے پانی و بجلی کی کھلی کچہری کے دوران ضلعی کونسلر سردار فخر عالم گل، ویلج ناظمین سردار شکیل، شمس الرحمن، خرم شہزاد اور ملکپورہ کی سیاسی و سماجی شخصیت ملک شوکت نے الگ الگ درخواستیں پیش کیں جس میں انہوں نے وزیر مملکت سے استدعا کی کہ ملکپورہ اور اس کے گردونواح میں تمام دیہی علاقوں میں بجلی کے کم وولٹیج سمیت دیگر مسائل ہیں، یہاں پر ایک شکایات آفس اور سٹاف کی کمی ہونے کی وجہ سے کئی کئی گھنٹے اور بعض اوقات ایک اور دو دن تک بجلی بند رہتی ہے، یہ علاقے شہر میں ہونے کے باوجود بجلی سے محروم رہتے ہیں جس پر وزیر مملکت نے فوری طور پر متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ملکپورہ فیڈر کے قیام کیلئے سروے اور فزیبلٹی تیار کی جائے تاکہ جلد از جلد ملکپورہ فیڈر کا قیام عمل میں لایا جا سکے اور یہاں کے لوگوں کے درپیش مسائل کم ہو سکیں۔