ایران پر لازم ہے کہ خطّے کو غیر مستحکم کرنے سے رْک جائے ،ٹرمپ

 
0
357

واشنگٹن جنوری 12(ٹی این ایس)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے فرانسیسی ہم منصب عمانوئل ماکروں سے ٹیلی فون پر رابطے میں اس امر کی اہمیت پر زور دیا ہے کہ ایران خطّے کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سرگرمیاں روک دے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بات وہائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتائی گئی۔فرانسیسی صدارتی محل الیزے کے مطابق فرانسیسی صدرعمانوئل ماکروں نے اس موقع پر باور کرایا کہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے پر دستخط کرنے والے تمام فریقوں پر معاہدے کا احترام لازم ہے۔ معاہدے پر درست طریقے سے عمل درآمد کے علاوہ ایران کے ساتھ اْس کے بیلسٹک پروگرام اور اْس کی علاقائی پالیسیوں کے حوالے سے بات چیت ہونی چاہیّے تا کہ مشرق وسطی میں زیادہ بڑے پیمانے پر استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔توقع ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اْن پابندیوں کو دوبارہ عائد نہیں کریں گے جو جوہری معاہدے کے تحت ایران پر سے اٹھائی گئی ہیں۔