کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ سے چار فوجی جوانوں کی شہادت پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی، احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا

 
0
370

اسلام آباد، جنوری 15 (ٹی این ایس): دفتر خارجہ نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو طلب کرکے ایل او سی پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ سے 4 جوانوں کی شہادت پر شدید احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ڈی جی ساؤتھ ایشیاء اینڈ سارک ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو احتجاجی مراسلہ تھما دیا ہے۔ دفتر خارجہ نے سیزفائر کی خلاف ورزی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

واضح رہے کہ آج بھارت نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول پر سرحدی خلاف ورزی کرتے ہوئے کوٹلی اور جندروٹ سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 4 جوان شہید ہوگئے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جوان کوٹلی سیکٹر میں مواصلاتی لائنوں کی مرمت کر رہے تھے کہ بھارتی فوجیوں نے انہیں نشانہ بنایا۔

پاک فوج نے بھارتی فائرنگ کا بھرپور جواب دیتے ہوئے 3 بھارتی فوجیوں کو ہلاک، جبکہ متعدد کو زخمی کردیا۔ پاکستانی فائرنگ کے باعث کئی بھارتی فوجی چوکیوں کو بھی سخت نقصان پہنچا۔

اس سے قبل 11 جنوری کو بھی بھارتی فوج نے ایل او سی کے کوئی رٹہ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ وگولہ باری کی تھی، جس کے نتیجے میں 60 سالہ خاتون شہید ہوگئیں تھی۔