اسلام آباد، جنوری 15 (ٹی این ایس): سابق وزیر اطلاعات اور (ن) لیگ کے سینئر رہنما سینیٹر پرویز رشید نے لگی لپٹی رکھے بغیر ہی سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کے خلاف طبل جنگ بجادیا جبکہ چوہدری نثار نے بھی جواباََ خوب بمباری کی۔
سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ چوہدری نثار اتنے ہی بااصول ہیں تو پارٹی کی جان چھوڑ دیں۔انہوں نے کہاکہ چوہدری نثار نے مشکل وقت میں گمراہ کن بیان دیئے اور کسی کو خوش کرنے کے لیے انہیں برطرف کرایا۔سابق وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وہ پارٹی قائدین سے بھی کہیں گے کہ چوہدری نثار کے بارے میں فیصلہ کرلیں۔
دوسری طرف چودھری نثار علی نے پرویز رشید کے بیان پر ردعمل میں کہنا ہے کہ پاک فوج کے بارے میں مودی جیسی سوچ رکھنے والا شخص ن لیگ کا سیاسی وارث بن بیٹھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کسی ایسے شخص کی مضحکہ خیزباتوں کاجواب دینا ضروری نہیں سجھتا جس کا ن لیگ سے تعلق واجبی ہو،ایک ایسا شخص جس نے آج تک کونسلرکا الیکشن نہیں لڑا وہ ن لیگ کا پردھان منتری بن بیٹھا ہے۔
چودھری نثارکا یہ بھی کہنا ہے کہ اس شخص کی بیشتر زندگی ایک دوسری پارٹی میں گزری ہے، بہتر ہوگا نوازشریف اور وزیراعظم خود ڈان لیکس پر رپورٹ منظر عام پر لانے کے احکامات جاری کردیں۔سابق وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ ڈان لیکس رپورٹ منظر عام پر لائی جائے تاکہ بیان دینے والے شخص کے کرتوت سامنے آجائیں۔واضح رہے کہ ڈان لیکس کی تحقیقات کے دوران وزیر اطلاعات پرویز رشید کو وزارت سے ہٹایاگیا تھا۔