کو ئٹہ ،جنوری19 (ٹی این ایس): گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے جمعرات کے روز نامعلوم مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے شالکوٹ میں انسداد پولیو مہم کے دوران گھر گھر جاکر پولیو کے قطرے پلانے والی دو خواتین ماں اور بیٹی کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا ایسا بزدلانہ حملہ جس میں دوسروں کو زندگی دینے والی خواتین اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھیں کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ حملہ انسداد پولیو مہم کی دوخواتین پر نہیں بلکہ ہمارے بچوں کے صحت مند مستقبل پر حملہ ہے۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ وہ ملوث افراد کو جلد از جلد گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچائیں۔ گورنر بلوچستان نے پولیو کے خلاف جہاد میں مصروف خواتین کے قتل کو وحشت وبربریت کی ایک بدترین مثال قرار دیا۔ انہوں نے شہید ہونے والی ماں بیٹی کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کا ہر فرد ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ملوث عناصر کو گرفتار کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائیں گے۔